سعودیوں کے لیے میڈیکل کے شعبے میں ملازمت کے 4 ہزار 291 مواقع
20 سے زائد ہیلتھ کیئر یونٹس میں اسامیوں کا اعلان کیا گیا ہے ( فوٹو: اخبار 24)
ہیلتھ ہولڈنگ کا کہنا ہے کہ سعودی شہریوں کے لیے میڈیکل کے مختلف شعبوں میں ملازمت کے 4 ہزار 291 کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق مملکت کے مختلف شہروں میں 20 سے زائد ہیلتھ کیئر یونٹس میں اسامیوں کا اعلان کیا گیا ہے جن پر کوالیفائیڈ سعودیوں کو ملازمت فراہم کی جائے گی۔
نئی فراہم کیے جانے والی ملازمتوں کے ساتھ رواں برس کے لیے میڈیکل کے شعبوں میں اب تک فراہم کی جانے والی ملازمتوں کی تعداد 19610 تک پہنچ جائے گی۔
ہیلتھ ہولڈنگ کا کہنا ہے نئی اسامیوں کے لیے درخواستیں آن لائن وصول کی جائیں گی۔ ہر شہر کے میڈیکل یونٹ میں خالی اسامیوں کے بارے میں ویب سائٹ پر تفصیلات اپ لوڈ کی گئی ہیں جن پر 15 دن کے اندر درخواستیں وصول کی جائیں گی۔
واضح رہے ہیلتھ ہولڈنگ کے ذریعے مملکت کے تمام ریجنز میں ہیلتھ کیئرپروگرام کے تحت جامع طبی سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں جن میں علاج سے قبل احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی پروگرام شامل ہے۔
