او آئی سی کے رکن ممالک کے لیے سائبر سکیورٹی وزارتی کونسل کی منظوری
سعودی عرب کی پیش کردہ تجویز کی بنیاد پر اس کی منظوری دی گئی (فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کے 52 ویں اجلاس میں مملکت کی پیش کردہ تجویز کی بنیاد پر او آئی سی کے رکن ممالک کے لیے سائبر سکیورٹی وزارتی کونسل کے قیام کی منظوری دی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارتی کونسل کے قیام کا مقصد او آئی سی کے رکن ممالک میں سائبر سکیورٹی کے امور کو مضبوط و مربوط بنانا، اہم مفادات اور قومی سلامتی کا تحفظ، باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اس کے ساتھ سائبرسکیورٹی سے متعلق بین الاقوامی تنظیموں میں رکن ممالک کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کی جانب سے منظور کی جانے والی قرار داد کے مطابق نئی کونسل اسلامی تعاون تنظیم کے تحت ایک ذیلی ادارے کے طورپر کام کرے گی۔
اس موقع پر سعودی نیشنل سائبر سکیورٹی اتھارٹی کے گورنر انجینیئرماجد بن محمد المزید نے کہا ’سائبر سکیورٹی کونسل کے قیام کی سعودی تجویز ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عالمی سطح پر سائبر خطرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا ’یہ صورتحال اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک میں سائبر سکیورٹی کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ سائبر سکیورٹی اقتصادی ترقی، معاشرتی خوشحالی اور افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بنیادی ستون ہے۔‘
انہوں نے بتایا ’اوآئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے سائبر سکیورٹی کونسل کے صدر دفتر کے لیے ریاض کا انتخاب سعودی عرب پر اسلامی دنیا کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔‘
خیال رہے اسلامی تعاون تنظیم اقوام متحدہ کے بعد دنیا کی دوسری سب سے بڑی بین الحکومتی آرگنائزیشن ہے جس کے رکن ممالک کی تعداد 57 ہے۔
