حرمین شریفین میں اعتکاف کی رجسٹریشن شروع
تعداد مکمل ہونے پر رجسٹریشن بند کردی جائے گی(فوٹو، ایس پی اے)
ادارہ امورحرمین شریفین نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی الشریف میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اعتکاف کی رجسٹریشن کے لیے ادارہ حرمین کی ویب سائٹ پر سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اعتکاف کرنے کے خواہشمند مرد و خواتین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادارے کی ویب سائٹ پر اپنا اکاونٹ بنائیں یا اگر ان کا اکاونٹ موجود ہے تو اس کے ذریعے لاگ ان کریں۔
مسجد الحرام اورمسجد نبوی الشریف میں اعتکاف کا آغاز 20 رمضان المبارک سے ہوگا جو 30 رمضان المبارک( شوال کا چاند دکھائی دینے تک) ہوگا۔
ادارہ امورحرمین کا مزید کہنا تھا کہ اعتکاف کے لیے تعداد محدود ہے اس حوالے سے خواہشمند اپنا اکاونٹ جلد مکمل کرلیں۔ مقررہ تعداد مکمل ہونے پر رجسٹریشن کا عمل بند کردیا جائے گا۔
واضح رہے حرمین شریفین میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اندرون اور بیرون مملکت سے بڑی تعداد میں لوگ اعتکاف میں بیٹھنے کے خواہاں ہوتے ہیں۔ اعتکاف کے لیے ادارہ حرمین کی جانب سے جملہ سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔