Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سفیر بنگلہ دیش کے نئے وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے پہلے غیرملکی سفیر بن گئے

سعودی سفیر عبداللہ بن ابیہ کا بنگلہ دیش سیکریٹریٹ میں وزیراعظم نے استقبال کیا۔ (فوٹو: پی آئی ڈی)
سعودی عرب کے ڈھاکہ میں تعینات سفیر اتوار کو بنگلہ دیش کے نئے وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات کرنے والے پہلے غیرملکی سفیر بن گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق طارق رحمان کی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) نے 12 فروری کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے 300 رکنی پارلیمان میں 209 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی۔
سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا اور سابق صدر و بی این پی کے بانی ضیا الرحمٰن کے بیٹے طارق رحمان نے گذشتہ ہفتے وزیراعظم کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
سعودی حکومت نے حلف برداری کے روز ہی طارق رحمان کو مبارک باد پیش کی تھی، جبکہ مملکت کے سفیر عبداللہ بن ابیہ کا بنگلہ دیش سیکریٹریٹ میں وزیراعظم نے استقبال کیا، جہاں انہوں نے بنگلہ دیش کے نئے وزیر خارجہ سے بھی ملاقات کی۔
وزیراعظم کے پریس سیکریٹری صالح شبلی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ڈھاکہ میں تعینات سفیروں میں سے یہ پہلی سفارتی ملاقات ہے جو وزیرِاعظم طارق رحمان کے منصب سنبھالنے کے بعد ہوئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’سفیر نے سعودی عرب کے فرمانروا اور ولی عہد کی جانب سے بنگلہ دیش کے وزیراعظم کے لیے نیک تمناؤں اور مبارک باد کا پیغام پہنچایا۔ ملاقات میں دوطرفہ امور اور مسلم ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔‘
بنگلہ دیش کے وزیرِ خارجہ خلیل الرحمٰن اقوامِ متحدہ کے سابق عہدیدار رہ چکے ہیں اور عبوری حکومت کے دور میں بنگلہ دیش کے قومی سلامتی کے مشیر کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے۔
انہوں نے وزیرِاعظم سے ملاقات کے بعد سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا۔
وزارتِ خارجہ کے بیان کے مطابق ’وزیرِ خارجہ نے مشرقِ وسطیٰ اور عالمِ اسلام میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے سعودی قیادت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے مملکت میں بڑی تعداد میں بنگلہ دیشی کارکنوں کی میزبانی پر اظہارِ تشکر کیا اور دونوں ممالک کی جغرافیائی اہمیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات پر زور دیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’سعودی سفیر نے موجودہ حکومت کی حمایت کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعلقات کو جامع شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔‘
تقریباً 35 لاکھ بنگلہ دیشی شہری سعودی عرب میں مقیم اور برسرِ روزگار ہیں۔ سنہ 1976 سے، جب موجودہ وزیرِاعظم کے والد کے دورِ حکومت میں مملکت کی جانب مزدوروں کی ہجرت کا آغاز ہوا، اور بنگلہ دیشی کارکن سعودی لیبر مارکیٹ کا حصہ بنتے رہے ہیں۔
بنگلہ دیشی شہری مملکت میں سب سے بڑی غیرملکی کمیونٹی ہیں اور بنگلہ دیش سے باہر سب سے بڑی بنگلہ دیشی کمیونٹی بھی سعودی عرب میں آباد ہے، جو ہر برس پانچ ارب ڈالر سے زائد زرِ مبادلہ وطن بھیجتی ہے۔

 

شیئر: