سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اور انڈین شہریوں کےلیے ہدایات کیا ہیں؟
مکمل پرسکون رہیں اور کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کریں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں پاکستان اور انڈیا کے سفارتحانوں نے خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں ایڈوائزری جاری کی ہے۔
پاکستانی سفارتخانے نے آفیشل اکاونٹس پر پوسٹ میں لکھا’ مملکت میں مقیم تمام پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مکمل پرسکون رہیں اور کسی بھی قسم کی قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔‘
معلومات کے حصول کے لیے صرف سعودی حکومت کے سرکاری اور مستند ذرائع پر ہی انحصار کریں۔
غیر تصدیق شدہ خبروں یا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مستند اطلاعات کو آگے پھیلانے یا ان پرعمل کرنے سے اجتبناب کریں۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا کہ ’ہمہ وقت محتاط رہیں اور سعودی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی سختی سے پابندی کو یقینی بنائیں۔‘
اگر آپ ہوائی سفر کا ارادہ رکھتے ہوں تو ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے اپنی پرواز کے شیڈول اور موجودہ صورتحال کی تصدیق لازمی کر لیں
انڈییا کے سفارتخانے نے پوسٹ میں مملکت میں مقیم تمام شہریو ں کو محتاط رہنے، مملکت کی سیٹفی گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے اور مقامی حکام یا سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزی پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ایک اور پوسٹ میں انڈین سفارتخانے نے لکھا’ سعودی عرب میں کوئی بھی انڈین شہری جسے فضائی حدود کی بندش یا پرواز کی منسوخی کی وجہ سے سفری رکاوٹوں کا سامنا ہے وہ سفارتخانے کی ہیلپ لائن پر رابط کریں۔ ایسے مسافروں کی مدد کے لیے ضروری اقداما ت کیے جا رہے ہیں۔‘
