Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی معیشت میں ٹورازم سیکٹر کا حصہ دس فیصد تک بڑھانے کا ہدف

احمد الخطیب کا کہنا ہے سیاحتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے سنجیدہ ہیں (فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے سنجیدگی سے کوشاں ہے۔ جی ڈی پی میں ٹورازم سیکٹر کا حصہ تین فیصد سے بڑھا کر سال 2030 تک دس فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔‘
اخبار 24 کے مطابق ریاض میں ڈیولپمنٹ فنانس کانفرنس 2025 کے مذاکراتی سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے کہا’ شاہراہوں، بجلی کی تنصیبات، ایئرپورٹس اور دیگر بنیادی ضروریات میں اضافے کے بعد سیاحتی سیکٹر میں نجی سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔‘
احمد الخطیب نے مزید کہا ’عالمی سطح پر سیاحتی شعبے میں 3 فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا جبکہ اس شعبے سے حاصل ہونے والی قومی آمدنی کو سال 2030 تک بڑھاتے ہوئے 10 فیصد بعد ازاں 13 سے 15 فیصد تک لے جانے کا ہدف ہے۔‘
 ’گزشتہ برس سیاحتی سیکٹر کی قومی آمدنی کا انڈیکس 5 فیصد کی حد عبور کر گیا تھا۔ پٹرول اور گیس کے بعد ملکی معیشت میں فروغ کے حوالے سے ٹورازم دوسرا بڑا اوراہم ذریعہ ہوگا۔‘
انہوں نے فرانس اور سپین کی مثال دی جہاں ٹورازم سے قومی آمدنی 14 اور 13 فیصد ہے۔

ملکی معیشت کا انحصار تیل پر 55 فیصد تک لایا گیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

وزیر سیاحت نے کہا کہ’ مملکت اپنے معاشی ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کی جانب گامزن ہے ملکی معیشت کا انحصار تیل پر 90 فیصد تھا جسے کم کرتے ہوئے 55 فیصد تک لایا گیا ہے۔‘
انہوں نے یقین دہانی کی کہ سیاحتی شعبے میں ترقی اور وسعت کے امکانات نمایاں ہیں جو پائیدار ترقی کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر مملکت کے مقام کو نمایاں کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

 

شیئر: