Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپینش فنکار کے 30 شاہکار، جدہ کی فنی اور ثقافتی شناخت کا حصہ

ان شاہکاروں سے جدہ ایک اوپن آرٹ گیلری میں بدل گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
عروس البلاد جدہ کی شاہراہوں اور چوراہوں پر سپینش آرٹسٹ اور آرکیٹیکٹ جولیولافونیٹ کے 30 کے قریب فنی شاہکار دہائیوں سے ایسے بصری لینڈ مارک بن چکے ہیں جو یہاں کے رہائشیوں اور سیاحوں کے ذہنوں میں بسے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق سپینش آرٹسٹ کی ان تخلیقات نے گزشتہ صدی کی ساتویں دہائی میں شروع ہونے والے منصوبے جدہ کی تزئین (عروس البحر الاحمر) یعنی شہر کی جمالیاتی شناخت کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ان شاہکاروں سے جدہ ایک ایسی اوپن آرٹ گیلری میں بدل گیا جہاں فنکارانہ اظہار اور مقامی ماحول کا امتزاج نظر آتا ہے۔
سپینش آرٹسٹ نے 1970 کی دہائی کے وسط میں جدہ میونسپلٹی کے ساتھ کام کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف حوالوں سے علامتی مفہوم رکھنے والے شاہکار تخلیق کیے۔ ان کی تیاری میں مقامی مواد استعمال کیا گیا۔

شہر کے مختلف مقامات پر موجود ان شاہکاروں میں میدان الدراجہ (سائیکل چوک) جہاں ایک بڑی کی سائیکل کا ماڈل نصب ہے۔ اس مقام کو ایشیائی ہی نہیں بلکہ دیگر قومتیوں کے لیے بھی ایک مثالی یادگار مانا جاتا ہے۔
کنگ عبدالعزیز شاہراہ کے شمال میں واقع ’گلوب‘ کا ماڈل شیشے اور رنگین کنکریٹ سے بنایا گیا ہے۔ اندلس روڈ پر فانوس نما ماڈل بھی ان کے نمایاں کاموں میں شامل ہے۔ اس میں قدیم مملوکی دور کے چراغوں کی خوبصورتی اور روایتی طرزِ تعمیر کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔

سپینش آرٹسٹ کے فن پارے ثقافتی اور مذہبی پہلوؤں کے ساتھ مختلف فنی موضوعات کا بھی احاطہ کرتے ہیں۔ قبلہ نامی ماڈل مسجد الحرام کی سمت رخ کیے ہوئے ہے جس میں سنگ مرمر کی لکیروں اور ہندسی اشکال کے ذریعے اسلامی شناخت کواجاگر کیا گیا جبکہ ’آیت ‘ کے عنوان سے بنائے گئے شاہکار میں سنگِ مرمر، کانسی اور عربی خطاطی کو یکجا کیا گیا جو مقامی ثقافت سے فنکار کی آگاہی اور اسے فن کےذریعے پیش کرنے کی صلاحیت کا عکاس ہے۔

ان کے کام کا دائرہ عوامی آگاہی تک بھی پھیلا ہوا ہے۔ ’جنونی رفتا‘ کے عنوان سے بنایا گیا مجسم ماڈل پانچ گاڑیوں پر مشتمل ہے جنہیں ایک دوسرے کے اوپر کنکریٹ سے بنائے گئے ایک مربع میں فٹ کیا گیا ہے۔ یہ فن پارہ تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے خطرات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس کے علاوہ سپینش آرٹسٹ نے جدہ کے سابق ادبی کلب کی عمارت کا ڈیزائن بھی تیارکیا تھا جس میں اس وقت سعودی سوسائٹی برائے ثقافت و فنون کا ادارہ قائم ہے۔

 

شیئر: