Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینے کے پہاڑ قدرتی خوبصورتی اور بھرپور اسلامی ورثے کا حسین امتزاج

یہ پہاڑ قدرتی حسن اور تاریخی اہمیت کا حسین امتزاج ہیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ کے پہاڑ سعودی عرب کی اہم ترین قدرتی اور تاریخی لینڈ مارک میں سے ایک ہیں۔ یہ پہاڑ اپنی منفرد ارضیاتی ساخت کے ساتھ اسلامی تاریخ کے اہم واقعات سے وابستہ تاریخی مقامات کا بھی تحفظ کرتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق ان پہاڑوں کے متنوع مناظر اور ثقافتی اہمیت انہیں ایسے مقامات بناتی ہیں جہاں قدرتی حسن کے ساتھ اس خطے کے شاندار ورثے سے جڑنے کا موقع ملتا ہے۔
ان پہاڑوں میں ’جبل احد نمایاں ہے جو مسجد نبوی کے شمال میں تقریباً چار کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ یہ پہاڑ آتش فشاں سے بنی چٹانوں اور قدرتی غاروں کی وجہ سے بھی نمایاں ہے۔‘
اس پہاڑ کا نبی کریم کی زندگی سے گہرا تعلق ہے۔ یہ وہی مقام ہے جہاں ہجرت کے تیسرے برس غزوہ احد پیش آیا تھا جس میں 70 صحابہ کرام رضی اللہ عنہم شہید ہوئے تھے۔
یہ احد پہاڑ ہی ہے جس کے بارے نبی اکرم ﷺ نے فرمایا تھا کہ ’احد ہم سے محبت کرتا ہے اور اہم اس سے محبت کرتے ہیں۔‘

احد پہاڑ کے قریب ہی ایک چٹانی ٹیلہ ہے جسے ’جبل الرماہ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ اس کا بھی غزوہ احد کے واقعات سے گہرا تعلق ہے۔ احد سے تقریباً تین کلو میٹر کے فاصلے پر واقع اس پہاڑی ٹیلے پر نبی آخرالزماں کے حکم پر تیراندازوں کو تعینات کیا گیا تھا اور اسی مقام سے غزوہ کے رخ کو بدلنے والے واقعات رونما ہوئے۔
شہر پُرنور کے جنوب مغربی سمت میں ’جبل عیر‘ ہے جو حدود حرم (مسجد نبوی) کی جنوب کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے مغربی دامن میں میقات مسجد جسے ذوالحلیفہ کہا جاتا ہے واقع ہے۔ یہاں سے عمرہ کرنے کے لیے جانے والوں کے لیے لازمی ہوتا ہے کہ وہ احرام کی پابندیاں اختیار کر لیں۔

اس کے دوسری جانب شمال مغرب میں ’جبل سلع‘ ہے جہاں ’غزوہ خندق‘ ہوئی تھی۔ حضرت سلمان الفارسی کے مشورے پر مسلمانوں کے دفاع کے لیے یہاں خندق کھودی گئی تھی۔ مسجد نبوی سے 700 میٹر کی دوری پر واقع پہاڑ کے اطراف میں مسجد فتح، غار بنی حرام اور ثنیہ الوداع سمیت متعدد تاریخی مقامات موجود ہیں۔

ینبع کے علاقے میں واقع پہاڑ رضوی اپنی دلکش قدرتی ساخت، وافر پانی اور بحیرۂ احمر سے قربت کے باعث نمایاں حیثیت رکھتے ہیں، یہ پہاڑ 1945 میں سعودی فرمانروا کنگ عبدالعزیز اور مصر کے شاہ فاروق کے درمیان ہونے والی تاریخی ملاقات کے حوالے سے بھی معروف ہے۔
اپنے متنوع جغرافیائی خدو خال، قدرتی ساخت اور تاریخی مقامات کے ساتھ یہ پہاڑ مدینہ ریجن کی جغرافیائی اور ثقافتی ثروت کی عکاسی کرتے ہیں۔

 

شیئر: