جدہ بندرگاہ کے قریب حوثی ڈرون تباہ، ریاض، مغربی ریجن اور الشرقیہ پر بھی حملے
جمعرات 26 نومبر 2026 3:35
ریاض میں ’فضائی خطرے‘ کے لیے الرٹ جاری کیا گیا ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ وزارت دفاع)
سعودی عرب نے جمعرات کو جدہ اسلامک پورٹ کے قریب حوثیوں کے ڈرون حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سعودی فضائی دفاعی نظام نے ریاض ریجن میں حوثی ملیشیا کی جانب سے داغے جانے والے دو بیلسٹک میزائل، مغربی ریجن میں ایک کروز میزائل روک کر تباہ کیا جبکہ الشرقیہ ریجن میں دو ڈرونز کو مار گرایا گیا۔
یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے قائم عرب اتحاد کے ترجمان نے بیان میں کہا’جدہ اسلامک پورٹ کے قریب ایک حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کیا گیا۔ ڈرون کو روکنے کے دوران ملبہ گرنے سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔‘
سول ڈیفنس نے ریاض میں ’فضائی خطرے‘ سے خبردار کرنے کے لیے الرٹ جاری کیا تاہم کچھ دیر بعد خطرہ ٹل جانے کا اعلان کیا گیا۔
اس سے قبل عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا تھا کہ بدھ کی رات حوثی ملیشیا کی جانب سے جنوب مغربی جازان کی بندرگاہ پر میزائل حملہ کیا گیا جس سے معمولی نقصان ہوا ہے۔
اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔ حملے میں استعمال کیے جانے والے پروجیکٹائل کی قسم کی شناخت کے لیے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
عرب اتحاد نے گزشتہ روز یمن میں الحدیدہ بندرگاہ پر موجود آپریشنل صلاحیتوں کو نشانہ بنانے جبکہ صعدہ اور عمران گورنریٹس میں کئی اہداف کو تباہ کا اعلان کیا تھا۔
یہ کارروائی حوثیوں کی جانب سے ریاض میں ایک شہری عمارت کو نشانہ بنانے کے بعد کی گئی، جس کی اعلیٰ سفارت کاروں کی جانب سے شدید مذمت سامنے آئی تھی۔
حالیہ ہفتوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ اس گروہ نے سعودی شہروں اور اہم تنصیبات، بشمول ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
