خیرات العلا سیزن کا اختتام، 14 لاکھ ٹن سے زائد کھجوروں کی فروخت
جمعرات 26 نومبر 2026 7:00
العلا کمشنری میں کھجور کے 42 لاکھ سے زیادہ درخت موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
العلا میں کھجور سیزن کے ساتویں ایڈیشن میں مجموعی طور پر 14 لاکھ ٹن سے زائد کھجوروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی۔
اس سیزن نے مقامی شہریوں اور سیاحوں کو دس ہفتوں پرمحیط ایک ایسے پروگرام کی جانب راغب کیا جس میں کھجوروں کی نیلامی، قومی دن کی تقریبات اور المنشبہ فارمرز مارکیٹ میں گھریلو مصنوعات کی نمائش اور بچوں کے لیے خصوصی پروگرام شامل تھے۔
نیلامی کی سرگرمیوں کے ذریعے العلا کی زرعی زندگی اور مقامی ثقافتی ورثے میں کھجور کے درخت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ کھجوروں کی محتلف اقسام، جن میں برنی، مجدول، جلوہ الاحمر، عنبر اور صفاوی شامل ہیں سے بھی صارفین کو متعارف کرایا گیا۔
کھجور سیزن کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 18 ستمبر کو کیا گیا تھا جو 21 نومبر کو اختتام پذیر ہوا۔ نیلامی میں 311 تاجروں اور 166 خریداروں نے حصہ لیا۔ کاشتکاروں کو مقامی اقسام کی کھجوریں پیش کرنے اور نیلامی کے ذریعے فروخت کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔
’منشیہ فارمر مارکیٹ میں سیزن کی سرگرمیاں 18 سے 27 ستمبر 2026 تک جاری رہیں جہاں مقامی کاشتکاروں اور پیداواری اداروں نے براہ راست سیاحوں اور خریداروں کو اپنی زرعی اجناس فروخت کیں۔

کھجور سیزن کا اہتمام رائل کمیشن کے زیرِ اہتمام زرعی پروگرام خیرات العلا کے عنوان سے کیا گیا تھا جس کا مقصد کاشت کاروں کی معاونت، ان کی زرعی پیداوار کی مارکیٹنگ اور پائیدار معاشی آمدنی کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
یہ پروگرام 2030 تک ملکی مجموعی قومی پیداوار میں زرعی شعبے کا حصہ بڑھا کر تقریباً 15 فیصد تک پہنچانے کے اہداف کے تحت جاری ہے۔

خیال رہے العلا کمشنری میں کھجور کے 42 لاکھ سے زائد درخت موجود ہیں جو 16 ہزار 484 ہیکٹر رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔
یاد رہے اس اقدام کا مقصد کاشتکاروں کو اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ میں مدد فراہم کرنا، وزیٹرز کو العلا کی زرعی پیداوار کے تنوع اور اس سے وابستہ روایتی طریقوں سے متعارف کرانا ہے۔
