مسجد الحرام میں ’تحلل سروس‘: رمضان کے دوران 4 لاکھ 80 ہزار عمرہ زائرین نے فائدہ اٹھایا
مروہ گیٹ کی جانب ’تحلل سروس‘ کے لیے مخصوص کیبن موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے دیکھ بھال کے امور کی جنرل اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کے روحانی تجربے کو بڑھانے کی کوششوں کے تحت ’تحلل‘ سروس فراہم کی ہے۔
جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے’ ماہ رمضان المبارک میں مسجد الحرم میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد ’تحلل‘ سروس سے 4 لاکھ 88 ہزار 567 زائرین مستفیض ہوئے۔
عمرے کی ادائیگی کے بعد احرام کی پابندیوں سے آزاد ہونے کے لیے بال کٹوانا ضروری ہے جس کے بغیر احرام کی پابندیاں ختم نہیں ہوتیں۔
مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے مفت بال ترشوانے کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔
مسجد الحرام کے مروہ گیٹ کی جانب ’تحلل سروس‘ کے لیے مخصوص علاقے میں کیبن موجود ہیں جہاں ہر زائر اپنی باری آنے پر بال ترشوا کر احرام کی پابندیوں سے آزاد ہو جاتا ہے۔
اس بات کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے کہ بال ترشوانے کے لیے استعمال ہونے والے آلات کو مستقل بنیاد پر سینیٹائز کیا جائے اور صفائی کے مقررہ ضوابط کا خاص خیال رکھا جائے۔ ایک زائر کے بال کاٹنے میں 2 منٹ سے زیادہ کا وقت نہیں لگتا۔

اس سال رمضان المبارک کے دوران زیادہ سے زیادہ عمرہ زائرین کو یہ سہولت فراہم کرنے کے لیے 12 متحرک یونٹس موجود تھے، جس میں دس مردوں اور دو خواتین کے لیے تھے۔
’تحلل سروس‘ سے اب تک 20 لاکھ افراد مستفیض ہو چکے ہیں۔ ماہانہ 2 لاکھ 10 ہزار افراد مستفیض ہوتے ہیں۔ سروس سے اوسطا یومیہ 7 ہزار عمرہ زائرین استفادہ کررہے ہیں۔
