Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں ’تحلل‘سروس: رمضان میں 3 لاکھ 60 ہزار عمرہ زائرین فائدہ اٹھائیں گے

رمضان کے دوران بارہ متحرک یونٹس یہ سروس فراہم کریں گے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
ادارہ امورحرمین کا کہنا ہے’احرام کی پابندیوں سے نکلنے کے لیے فراہم کی جانے والی ’تحلل‘ سروس میں اضافہ کیا گیا ہے۔
رمضان کے دوران بارہ متحرک یونٹس یہ سروس فراہم کریں گے۔ سیزن میں تقریبا تین لاکھ 60 ہزار عمرہ زائرین کو یہ خدمت فراہم کی جائے گی۔
ایس پی اے کے مطابق عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے مسجد الحرام کے بیرونی صحنوں میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد احرام کی پابندیوں سے آزاد ہونے کے لیے بال کٹوانا ضروری ہے جس کے بغیر احرام کی پابندیاں ختم نہیں ہوتیں۔
 اس سال رمضان المبارک کے دوران زیادہ سے زیادہ عمرہ زائرین کو یہ سہولت فراہم کرنے کے لیے 12 متحرک یونٹس میں دس مردوں اور دو خواتین کے لیے مخصوص ہیں۔ 
’تحلل‘ کی خدمت مفت فراہم کی جاتی ہے۔ مسجد الحرام کے بیرونی صحن میں باب المروہ، مشرقی جانب القشاشیہ وضوخانے کے ساتھ یہ سروس موجود ہے۔

’نسک تحلل‘ کے لیے سال کے عام دنوں میں آٹھ متحرک یونٹس ہوتے ہیں جن میں 6 مردوں اور 2 خواتین کے لیے مخصوص ہیں جبکہ رمضان میں ان کی تعداد 12 کردی جاتی ہے۔
تحلل کی خدمت سے اب تک 20 لاکھ افراد مستفیض ہو چکے ہیں۔ ماہانہ 2 لاکھ 10 ہزار افراد مستفیض ہوتے ہیں۔ بال کاٹنے کی سروس سے اوسطا یومیہ 7 ہزار عمرہ زائرین استفادہ کررہے ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے اس امر کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ بال کاٹنے کے لیے استعمال ہونے والے اوزاروں کو مستقل بنیادوں پر سینیٹائز کیا جائے اور صفائی کے مقررہ ضوابط کا خاص خیال رکھا جائے۔ ایک زائر کے بال کاٹنے میں 2 منٹ سے زیادہ کا وقت نہیں لگتا۔

 

شیئر: