مملکت میں سنیچر تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے: سول ڈیفنس
سعودی عرب کے ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفینس نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے کہ مملکت کے حصوں میں 28 مارچ تک گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شہریوں سے محفوظ مقامات پر رہنے اور سیلابی علاقوں جیسا کہ وادیوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ شہریوں سے التماس کی گئی ہے کہ وہ میڈیا اور سوشل میڈیا سے جاری ہونے والی حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
انتظامیہ کے مطابق مکہ، ریاض، تبوک، الجوف، حائل، حدود شمالیہ، مدینہ، الباحہ، عسیر، جازان، نجران، قصیم اور مشرقی صوبے میں معتدل سے تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ان علاقوں میں سیلابی صورتحال، ژالہ باری اور ریت کا طوفان بھی متوقع ہے۔
نیشنل سینٹر فار میٹریولوجی (این سی ایم) کے مطابق جزیرہ نما عرب میں یہ موسمیاتی تبدیلی گرم ہواؤں اور ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ملاپ کے باعث پیدا ہوئی ہے جس کی وجہ سے گرج چمک کے ساتھ بارش، موسلادھار بارشیں اور اولے پڑتے ہیں۔
وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے موسلادھار بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ 9 ریجن میں 63 سٹیشنز کی مانیٹرنگ کی گئی۔
عسیر میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ابھا ایئرپورٹ پر 52 ملی میٹر اور بلقرن میں الفاو میں 50.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اس ریجن میں تمام گورنریٹس اور سینٹرز میں موسلادھار بارش ہوئی جس سے درجہ حرارت میں کمی، سبزہ تروتازہ اور عید کے دوران نظارے مزید خوبصورت ہوگئے۔
پہاڑی اور میدانی علاقے بارش، اولوں اور گہری دھند میں لپٹے ہوئے ہیں جس سے مقامی افراد اور سیاحوں کو شاندار ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔

عسیر بارش کی وجہ سے عید کے دوران اہم مقام رہا جہاں مقامی افراد اور سیاحوں نے پہاڑوں، وادیوں اور پارکوں میں ٹھنڈے موسم، سرسبز نظاروں کو خوب انجوائے کیا۔
ریاض ریجن میں الافلاج میں 14.2 ملی میٹر جبکہ بلجرشی میں المحمدیہ میں 11.2 ملی میٹر، الباحہ اور مشرقی صوبے میں یبرین میں 8.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جنوب مغربی ریجن الباحہ میں پیر کے روز خراب موسم دیکھا گیا جہاں موسلادھار بارشوں اور ژالہ باری نے گلیوں اور پہاڑیوں کو عارضی طور پر موسم سرما کی طرح ڈھک لیا۔
انتظامیہ کی جانب سے صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ عوام سے درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ سیلابی علاقوں کا رخ نہ کریں۔
حائل ریجن میں حائل سٹی اور گردونواح کے گورنریٹس میں درمیانی درجے کی بارش رپورٹ کی گئی جس کے باعث مقامی وادیوں اور ندیوں میں پانی بھر آیا ہے۔
