Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر خارجہ کی وزیراعظم سے ملاقات، شہباز شریف نے سعودی عرب کے غیرمعمولی تحمل کو سراہا

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کی شام وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے ساتھ مکمل اور غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئےموجودہ بحران کے دوران سعودی عرب کی جانب سے اختیار کردہ غیر معمولی تحمل کو سراہا۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
وزیر اعظم نے حالیہ دنوں میں ولی عہد کے ساتھ اپنی گفتگوؤں کا حوالہ دیا، جن میں 12 مارچ کو جدہ میں ہونے والی ملاقات بھی شامل ہے۔ انہوں نے سعودی وزیر خارجہ کو موجودہ بحران کے دوران پاکستان کی وسیع سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا، جن میں کشیدگی کم کرنے اور امریکہ و ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’مسلم امہ میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار پر زور دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس نازک وقت میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد کی ضرورت کو اجاگر کیا۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خطے کی صورتحال پر سعودی عرب کے مؤقف سے آگاہ کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب نے خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں اور قریبی رابطے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
بیان کے مطابق وزیر اعظم نے سعودی وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا اور خادم الحرمین الشریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان  کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک، اور وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
خیال رہے پاکستان کی میزبانی میں خطے کی صورتحال پر سعودی عرب، پاکستان، مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ 
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ماہرین نے اس اجلاس کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کی جانب سے علاقائی امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی کوششوں میں ایک ’اہم پیش رفت‘  ثابت ہو سکتا ہے۔

شیئر: