سعودی عرب کی سوڈان میں ہسپتال پر ریپڈ سپورٹ فورسز کے حملے کی مذمت
سعودی عرب نے سوڈان کی ریاست وائٹ نیل کے ایک ہسپتال پر ریپڈ سپورٹ فورسز کے حملے کی مذمت کی ہے۔ حملے میں طبی عملے سمیت متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے سنیچر کو ایک بیان میں مملکت کی جانب سے الجبالین شہر میں حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک ’قابل مذمت عمل‘ قرار دیا، جسے کسی بھی صورت جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
وزارت نے بیان میں کہا ’یہ حملہ بین الاقوامی قانون، انٹرنشنل ہیومینٹرین لا کی ’کھلی خلاف ورزی‘ کے ساتھ بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔‘
سعودی عرب نے ایسی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔ تمام فریقین پر زور دیا کہ وہ گیارہ مئی 2023 کو دستخط کیے جانے والے جدہ اعلامیے کی پاسداری کریں جس میں سوڈان میں شہریوں کے تحفظ کا عہد کیا گیا ہے۔
مملکت نے سواڈن کے اتحاد اور اس کے جائز اداروں کی سپورٹ کے لیے اپنے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ’ یہ سوڈانی عوام کی سلامتی، استحکام اور امنگوں کے حصول کے لیے ضروری ہے۔‘
یاد ررہے اس سال فروری میں بھی ریپڈ سپورٹ فورسز نے سوڈان میں الکویک ملٹری ہستپال، ورلڈ فوڈ پروگرام کے امدادی قافلے اور بے گھر خاندانوں کو لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا تھا۔
