سعودی، اردنی وزرائے خارجہ کی ملاقات، کشیدگی میں کمی کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال
سعودی سرزمین پر حوثیوں کے مسلسل حملوں کے حوالے سے بات کی۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو ریاض میں اردن کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ ایمن الصفدی کا خیر مقدم کیا۔
ایس پی اے کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب اور اردن کے درمیان مضبوط تعلقات کا جائزہ، انہیں مزید فروغ دینے اور مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے خطے کی حالیہ صورتحال خصوصا حوثی ملیشیا کے سعودی سرزمین پر مسلسل حملوں کے حوالے سے بات کی۔
ایمن الصفدی نے اردن کی جانب سے مملکت کے ساتھ مکمل یکجہتی، اس کی سلامتی، استحکام، خود مختاری، شہریوں اور رہائشییوں کے تحفظ کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی سپورٹ کا اعادہ کیا۔
وزرائے خارجہ نے کشیدگی کو کم کرنے، تنازعات کے پھیلنے سے روکنے اور امن واستحکام کی بحالی کی کوششوں کی کوششوں پر بھی بات کی جس کا مقصد بین الاقوامی قانون کے احترام، اچھی ہمسائیگی کے اصولوں اور دیگر ریاستوں کے معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں کا احترام یقینی بنانا ہے۔
اس کے ساتھ آبنائے ہرمز اور باب المندب کے ذریعے جہاز رانی کی آزادی اور سکیورٹی کو یقینی بنانا شامل ہے۔
بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے سعودی، اردن کی اعلی رابطہ کونسل کے قیام کے متعلق دستاویز میں ایک ترمیمی پروٹوکول پر دستخط کیے۔
