امام کعبہ: سوشل میڈیا پر افواہیں اور غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے کے خلاف انتباہ
سعودی حکام نے بھی بار بار ایسے انتباہات جاری کیے ہیں،( فوٹو: ایس پی اے)
مسجد الحرام مکہ مکرمہ کے امام شیخ صالح بن حمید نے سوشل میڈیا پر افواہوں اور غیر تصدیق شدہ معلومات پھیلانے کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ’ ایسے اقدامات سے ان تمام لوگوں پر اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے جو اس میں انگیج ہوں یا انہیں بڑھاوا دیں۔
خطبہ جمعہ دیتے ہوئے امام کعبہ نے کہا کسی شخص کا حقیقی کردار مشکل وقت میں ظاہر ہوتا ہے، انہوں نے نمازیوں کو ثابت قدم رہنے اور دنیاوی امورمیں الجھنے سے بچنے کی تلقین کی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ’ جھوٹی معلومات پھیلانے سے نہ صرف افراد اور معاشرے کو نقصان پہنچاتا بلکہ اس سے گناہ کا بوجھ بھی اٹھتا ہے۔‘
انہوں نے معاشرے پر زور دیا کہ’ وہ عوامی رائے سے قطع نظر، سچائی اور اصول پسندی کو برقرار رکھیں۔‘
سعودی حکام نے بار بار ایسے انتباہات جاری کیے ہیں، جن میں اس بات پر زور دیا گیا کہ افواہیں پھیلانا خصوصا جو امنِ عامہ کو متأثر کرتے ہیں، ایک سنگین مجرمانہ جرم ہے۔
سعودی پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے’ سوشل میڈیا پر جھوٹی معلومات تیار کرنے اور اسے شیئر یا فروغ دینے کے مرتکب افراد کو پانچ سال تک قید اور تین ملین ریال تک جرمانے کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ جرم میں استعمال ہونے والے ڈیوائسز کو ضبط کیا جا سکتا ہے۔‘
حکام نے عوام پر زور دیا کہ’ وہ معلومات کے لیے ویریفائیڈ سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔ بح بنیاد مواد کے ساتھ انگیج ہونے یا اسے شیئر کرنے سے گریز کریں، جو لوگ اس طرح کے مواد کو ری پوسٹ یا سٹور کرتے ہیں، انہیں بھی قانونی طور پر جوابدہ ٹہرایا جا سکتا ہے۔‘
