خلیجی ممالک میں مقیم شہری امریکی افواج کے قریب علاقوں سے دور رہیں: ایران کا انتباہ
پاسداران انقلاب نے کہا کہ انہوں نے جمعرات کو خلیجی خطے میں امریکی فوجی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایران کے پاسداران انقلاب نے خطے بھر کے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ امریکی افواج کے قریب موجود علاقوں سے دور رہیں، جبکہ امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کو تقریباً ایک ماہ گزر چکا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق پاسداران انقلاب نے جمعے کو اپنے بیان میں، جو ان کی ویب سائٹ سپاہ نیوز پر جاری کیا گیا، کہا کہ ’بزدل امریکی-صیہونی افواج شہری مقامات اور معصوم لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم آپ کو مشورہ دیتے ہیں کہ فوری طور پر ان مقامات کو چھوڑ دیں جہاں امریکی افواج تعینات ہیں تاکہ آپ کسی نقصان سے محفوظ رہیں۔‘
یہ انتباہ اس وقت سامنے آیا جب کویت کی مرکزی تجارتی بندرگاہ کو جمعے کو ڈرون حملے میں نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق ایران نے خلیجی خطے میں امریکی-اسرائیلی حملوں کے جواب میں اپنی کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔
کویتی پورٹ اتھارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’الشويخ بندرگاہ پر دشمن ڈرونز نے علی الصبح حملہ کیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق مالی نقصان ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘
دریں اثنا بحرین نے جمعے کی صبح ایرانی حملے کے خدشے کے پیش نظر میزائل وارننگ سائرن بجا دیا۔
اسی طرح قطر، جہاں گذشتہ چند دنوں سے کوئی بڑا حملہ نہیں ہوا تھا، نے بھی جمعے کو اپنے حفاظتی الارم فعال کر دیے۔
ایران کے پاسداران انقلاب نے مزید کہا کہ انہوں نے گذشتہ روز اسرائیل میں مختلف مقامات اور خلیجی خطے میں امریکہ کی جانب سے استعمال ہونے والی فوجی تنصیبات کو میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق بحرین میں امریکی فضائی دفاعی نظام پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی ایک مرمتی تنصیب کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
