سعودی آرامکو: پٹرول آکٹین 98 کی قیمت میں اضافہ، پٹرول 91 اور 95 کے سابقہ نرخ برقرار
پٹرول آکٹین 98 اب 3.94 ریال فی لٹر میں دستیاب ہوگا۔ (فوٹو: اخبار 24)
سعودی آرامکو نے سنیچر کو اپریل کے لیے پٹرول آکٹین 98 کی قیمت کو ایڈجسٹ کیا ہے، اضافے کے بعد اب یہ 3.94 ریال فی لٹر میں دستیاب ہوگا۔
پٹرول آکٹین 98 اس سے قبل 2.94 ریال فی لٹر میں فروخت کیا جا رہا تھا جبکہ اس سال کے آغاز میں لانچ کیے جانے کے بعد قیمت 2.88 ریال فی لٹر تھی۔
پٹرول 98، سپورٹس اور ہائی پرفارمنس گاڑیوں کے لیے ہے۔ ان گاڑیوں کی تعداد مملکت میں پانچ فیصد سے زیادہ نہیں جبکہ دیگر گاڑیوں میں اس پٹرول کے استعمال کا کوئی اضافی فائدہ نہیں ہے۔
’آرامکو‘ نے اپریل کے لیے پٹرول 95 کی سابقہ قیمت 2.33 ریال فی لٹر جبکہ پٹرول 91 کی 2.18 ریال فی لٹربرقرار رکھی ہے۔
مملکت میں ڈیزل 1.79 ریال فی لٹر اور کیروسین آئل 1.59 ریال فی لٹر کی سابقہ قیمت پر دستیاب رہے گا۔
واضح رہے سعودی عرب میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں ہمسایہ عرب ملکوں کے مقابلے میں کم ہیں۔
