حائل ریجن میں ’قصرخراش‘ قدیم دفاعی فنِ تعمیر کا شاہکار
یہ قصرعلاقے میں موجود سیاہ پتھروں سے تعمیر کیا گیا تھا، (فوٹو: ایس پی اے)
حائل ریجن میں واقع ’قصرخراش‘ کا شمار مملکت کے نمایاں آثار قدیمہ میں ہوتا ہے۔ یہ قصر قدیم گاوں فید میں موجود ہےٓ، جو عہدِ رفتہ میں حج اور تجارتی قافلوں کے لیے ایک اہم پڑاو کی حیثیت رکھتا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ’قصر خراش‘ دفاعی طرز تعمیر کے باعث مفرد و مثالی مقام کا حامل ہے، جو اس علاقے کی اہمیت اور قافلوں کی حفاظت و راستوں کی نگرانی میں کلیدی کردار کو واضح کرتا ہے۔
یہ قصرعلاقے میں موجود سیاہ پتھروں سے تعمیر کیا گیا تھا، جو مقامی طرز تعمیر اور قدرتی ماحول کے درمیان ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔
اس سے اس دور میں کاریگروں کی مہارت بھی ظاہرہوتی ہے، جنہوں نے دستیاب وسائل کو موثر انداز میں دفاعی و عسکری مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
’قصر خراش‘ کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا کہ وہ قافلوں کے راستوں کی حفاظت میں مرکزی کردار ادا کرسکے۔ اس میں نگرانی کے لیے ٹاورز اور جامع دفاعی لوازمات شامل ہیں۔ قصر کی فصیل کی بلندی تقریبا 7 میٹر ہے، جو اس کی عسکری اہمیت اور مضبوطی کو ظاہر کرتی ہے۔

یہ قصر قدیم دفاعی فنِ تعمیر کی ایک جیتی جاگتی مثال ہے اور فید گاوں میں انسانی آبادکاری اور شہری تنظیم کی تاریخ کا عکاس بھی ہے۔
’قصر خراش‘ کو قومی ورثے سے متعلق اداروں کی خصوصی توجہ حاصل ہے، جو آثار قدیمہ کے تحفظ، دستاویزی عمل اور ان کی ثقافتی و سیاحتی اہمیت کو اجاگر کرنے کےلیے کوشاں ہیں۔
ان اقدامات کا مقصد حائل کے علاقے کی تاریخی و تہذیبی گہرائی کو نمایاں کرنا اور مملکت میں ثقافتی سیاحت کے فروغ کو تقویت دینا ہے۔
