معیلہ نیشنل پارک: حدود شمالیہ میں 25 ملین مربع میٹر پر پھیلا سرسبز ماحولیاتی شاہکار
معیلہ نیشنل پارک جو 25 ملین مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے حدود الشمالیہ میں واقع معیلہ نیشنل پارک جو 25 ملین مربع میٹر سے زیادہ رقبے پر پھیلا ہوا ہے، وسیع ترقی کے مراحل سے گزر رہا ہے تاکہ ایک اہم قدرتی مقام بن سکے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق نیشنل سینٹر فار ویجیٹیشن ڈیویلپمنٹ اینڈ کومبیٹنگ ڈیزرٹیفکیشن کی کوششوں سے یہ منصوبہ پائیدار ماحولیاتی ترقی کو فروغ دے رہا ہے۔
معیلہ نیشنل پارک تین اہم حصوں پر مشتمل ہے۔ معیلہ ون کا رقبہ 14 ملین مربع میٹر سے زیادہ ہے، معیلہ ٹو تقریباً 6 ملین مربع میٹر اور معیلہ تھری 5 ملین مربع میٹر سے زائد رقبے پر محیط ہے۔
پارک میں وسیع ترقیاتی کام کیے گئے۔ انفراسٹرکچر پر بھی توجہ دی گئی، سروس مقامات کی تعمیر، پانی کی فراہمی کے نیٹ ورکس اور وزیٹرز کے لیے دیگر سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔
حالیہ برسوں میں اس پارک میں وسیع ماحولیاتی نظام کی بحالی اور نباتات اور سبزے کی توسیع کی گئی ہے۔

ماحولیاتی بحالی کے حوالے سے مختلف تجربات کیے گئے جن میں پودوں کی کاشت کے لیے بیجوں کو پھیلانا اور قدرتی نباتات کی بحالی شامل ہے۔
ان اقدامات کے نتیجے میں مقامی بناتات کی دوبارہ افزائش، سبزے کے معیار میں بہتری اور پارک کی ماحولیاتی شناخت کو تقویت ملی۔ معیلہ ون میں ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد پودے جبکہ معیلہ ٹو میں 50 ہزار پودے اگائے گئے۔
پارک نباتاتی تنوع کے اعتبار سے بھی منفرد ہے جہاں سدر، طلع، غضا، دیدحان اور اقحوان جیسے پودوں کی کاشت کے علاوہ 12 سے زائد اقسام کی نباتات پائی جاتی ہیں۔ علاقے میں بارش کے بعد سیزنل پودوں کی نشوونما منظر کو مزید دلکش اور سحر انگیز بنا دیتی ہے۔

معیلہ نیشنل پارک کو ایک امیدا افزا ماحولیاتی سرمایہ کاری کا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے جس کے تینوں حصوں کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔
ان کوششوں کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا، خدمات کو بہتر بنانا اور پائیداری کو یقینی بنانا شامل ہے، توقع ہے یہ پارک جلد اس ریجن میں ایک نمایاں سیاحتی و ماحولیاتی منزل بن جائے گا۔
