حج پرمٹ کی خلاف ورزی: 20 ہزار سے ایک لاکھ ریال تک جرمانے اور سخت سزاوں کا اعلان
سعودی وزارتِ داخلہ نے حج پرمٹ کی خلاف ورزی کے حوالے سے بھاری جرمانے اور سخت سزاوں کا اعلان کیا ہے۔
پرمٹ کا مقصد بیرون ملک سے آنے والے عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا اور ان کی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے’ بیرون مملکت سے آنے والوں کےلیے حج ویزے جبکہ داخلی عازمین کے لیے حج پرمٹ لازمی ہے۔ حج پرمٹ کی خلاف ورزی پر 20 ہزار ریال جرمانہ مقرر ہے۔‘
’پرمٹ کے بغیر ممنوعہ مدت میں مکہ مکرمہ داخل ہونے کی کوشش کرنے والے یا وزٹ ویزے پرمملکت میں مقیم کسی بھی غیرملکی کو مکہ لے جانے یا ایسے افراد کو مکہ مکرمہ میں رہائش یا ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنا بھی سنگین خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔‘
وزارتِ داخلہ نے کہا کہ ’ایک لاکھ ریال کا جرمانہ جن خلاف ورزیوں کے لیے مقرر کیا گیا ہے، ان میں ایسے افراد شامل ہیں جو غیرملکی کے لیے کسی بھی نوعیت کا وزٹ ویزا جاری کرائیں اور ویزا ہولڈر کو ممنوعہ مدت ( یکم ذی القعدہ 18اپریل 2026) میں مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ لے جانے کی کوشش کریں۔‘
ایسے افراد جو یکم ذی القعدہ کے بعد وزٹ ویزہ ہولڈر کو مکہ مکرمہ یا مشاعر مقدسہ میں لے جانے کے لیے ٹرانسپورٹیشن یا انہیں قیام کی سہولت مہیا کریں گے۔
مملکت میں غیرقانونی طریقے سے داخل ہونے والے یا حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے غیرملکیوں کو ملک بدر کرکے انہیں دس برس تک کے لیے بلیک لسٹ کردیا جائے گا۔
وزارت نے کہا کہ ’غیر قانونی افراد کو(حج پرمٹ خلاف ورزی ) ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے والے کی گاڑی بھی ضبط کی جائے گی۔‘
وزارت نے تمام شہریوں اور غیرملکیوں سے کہا کہ ’وہ حج قوانین کی پاسداری کریں اور خود کسی مشکل صورتحال میں سے بچائیں۔‘
