جزائرِ فرسان: موتیوں کے تاجروں کے تاریخی مکانات میں ماضی کی جھلک
سعودی عرب کے جنوب مغرب میں واقع جزائرِ فرسان پر عمارتوں کی صورت میں نظر آنے والا فنِ تعمیر اور انداز، اُس امتیازی شہری ماڈل کا نمائندہ ہے جس کی جڑیں مملکت کے زرخیز ثقافتی ورثے اور تاریخ میں گہرائی تک پائی جاتی ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اِس سے جزائر کی شناخت اور اجتماعی یاداشت پر بھی روشنی پڑتی ہے جس کی تشکیل سمندر اور روز مرہ زندگی نے کی ہے۔
اِس تعمیری فن کے سٹائل کے نمایاں ہونے کا ایک ثبوت اُن عمارتوں میں ہے جن میں سادگی اور حسن کا اِمتزاج پایا جاتا ہے اور جنھیں مرجان اور جپسم جیسے مقامی میٹیریئل کو استعمال میں لا کر بنایا گیا ہے۔
یہ میٹیرئل، گرم اور مرطوب آب و ہوا کے لیے بہت موزوں ثابت ہوتا ہے جبکہ اونچی چھتیں اور عمارتوں کے اندر جانے کے لیے تعمیر کیے گئے کشادہ راستے، اِن مقامات کو زیادہ ہوادار اور آرادم دہ بناتے ہیں۔
جزائرِ فرسان کے گورنریٹ میں تاریخی الرفاعی مکانات ایک نمایاں وراثتی سنگِ میل کی حیثت رکھتے ہیں جہاں مملکت بھر کے علاوہ دیگر مقامات سے بھی سیاح اُنھیں دیکھنے آتے ہیں۔
سو برس سے بھی زیادہ عرصہ پہلے بنائے گئے اِن گھروں میں جزائر کا روایتی انداز محفوظ رکھا گیا ہے جو اُس زمانے میں موتیوں کی تجارت کرنے والوں کے طرزِ زندگی کو لوگوں کے سامنے لاتا ہے۔

اِن میں سے ایک گھر احمد منور الرفاعی کا ہے جبکہ دوسرا حسین بِن یحیٰی الرفاعی کا۔
احمد منور الرفاعی کے گھر کے سامنے کا حصہ سنہ 1923 میں مکمل کیا گیا تھا جس میں سیدھے خطوط اور اشکال پر مبنی جپسم سے بنی سجاوٹیں اور آرائشی محرابیں خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں۔
گھر کے اندر ’مجلس‘ (جہاں لوگوں کے بیٹھنے کا انتظام ہوتا ہے) مرکزی سماجی مقام کی حیثیت کی حامل ہے جہاں قرآنِ کریم کی آیات اور سیدھے خطوط و اشکال سے بنے جپسم کی آرائشیں استعمال کی گئی ہیں۔

لکڑی سے بنی چھتیں، جس سے قدرتی رنگوں کی عکاسی ہوتی ہے، دونوں گھروں کا سب سے زیادہ اِمتیازی جمالیاتی عُنصر ہے۔
الرفاعی گھروں کی وجہ سے ثقافتی سیاحت کو تعاون حاصل ہوتا ہے، جزائرِ فرسان کی تاریخی شناخت واضح ہوتی ہے اور یہ جازان کو ایک ایسی سیاحتی منزل کے طور پر سامنے لاتے ہیں جہاں قدرتی حسن اور تاریخ کی گہرائی دونوں باہم مل جاتے ہیں۔