مکہ مکرمہ کو دیگر شہروں سے جوڑنے کے لیے شاہراہوں کا وسیع نیٹ ورک
جمعرات 16 اپریل 2026 22:08
مدینہ منورہ کو مکہ سے جوڑنے والی شاہراہ کو ’طریق الہجرہ‘ کہا جاتا ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی روڈ جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے مکہ مکرمہ کو دیگر شہروں سے جوڑنے کے لیے مثالی اور کشادہ شاہراہوں کا نیٹ ورک موجود ہے، جس کا مقصد عازمین حج اور عمرہ زائرین کو بہتر و محفوظ سہولت فراہم کرنا ہے۔
العریبہ کے مطابق مدینہ منورہ کو مکہ مکرمہ سے جوڑنے والی شاہراہ کو ’طریق الہجرہ‘ کہا جاتا ہے۔ دو رویہ اس شاہراہ کی لمبائی 420 کلو میٹر ہے۔
ٹریفک کی روانی کو جاری رکھنے اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہرآمد ورفت کی شاہراہیں جدا ہیں جبکہ ہررو چار سے پانچ ٹریکس پرمشتمل ہے۔
شاہراہ کے اطراف میں مختلف فاصلوں پر جملہ سہولتوں سے آراستہ ریسٹ سٹیشنز بھی ہیں۔
حج و عمرہ سیزن کے دوران ہجرہ روڈ مصروف ہوتی ہے کیونکہ دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں عازمین و عمرہ زائرین مکہ مکرمہ سے مدینہ منورہ سفر کرتے ہیں۔ یہ اس شاہراہ کا شمار مصروف ترین شاہراہوں میں ہوتا ہے۔
مملکت کے جنوبی علاقے کو مکہ مکرمہ سے جوڑنے والی شاہراہ کو ’طریق اللیث‘ کہا جاتا ہے، جس کی لبمائی 90 کلومیٹر ہے۔
طائف سے مکہ مکرمہ کے لیے دو راستے ہیں جن میں ایک ’طریق السیل الکبیر‘ ہے جس کی لمبائی 80 کلو میٹرہے جبکہ دوسرا راستہ الھدی پہاڑی کا ہے جو طائف کو مکہ مکرمہ سے جوڑتا ہے یہ بل کھاتی ہوئی شاہراہ ہے تاہم اسے بھی روڈ اتھارٹی نے دو رویہ بنایا ہے تاکہ محفوظ سفرکو یقینی بنایا جائے اس شاہراہ کی لمبائی 23 کلو میٹر ہے۔
جدہ کو مکہ مکرمہ سے جوڑنے والی شاہراہ کا نام ’طریق الامیر محمد بن سلمان‘ ہے۔
اس کی لمبائی 70 کلومیٹر ہے یہ ایک جدید شاہراہ ہے جو تقریبا سارا سال ہی مصروف رہتی ہے تاکہ حج سیزن میں اس پر ٹریفک کی آمد ورفت میں بے پناہ اضافہ ہوتا ہے۔ اسی لیے اس راستہ پر پانچ سے چھ ٹریکس بنائے گئے ہیں۔
