’دنیا کا سب سے بڑا پبلک آرٹ انیشیٹیو‘: ریاض میں 75 نئے فن پارے نصب
یہ دنیا کا سب سے بڑا پبلک آرٹ انیشیٹیو ہے (فوٹو: ایس پی اے)
رائل کمیشن فار ریاض سٹی نے اپنے پروگرام ’ریاض آرٹ‘ کے ذریعے دارالحکومت کے اہم مقامات پر 75 نئے فن پارے نصب کیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہری علاقوں میں پبلک آرٹ کو بڑھانا ہے جبکہ اس کے علاوہ آنے والے وقت کے لیے بھی مزید فن پارے نصب کرنے کا پلان تیار کیا جا چکا ہے۔
اس پروگرام کا مقصد ریاض میں روزمرہ کی زندگی میں آرٹ کو شہری رنگ کے ساتھ جوڑ کر بہتر بنانا ہے جس سے رنگا رنگ ثقافتی ماحول پیدا ہوتا ہے جو دارالحکومت کی ریجنل اور بین الاقوامی سطح پر ساخت کو ابھارتا ہے۔
یہ دنیا کا سب سے بڑا پبلک آرٹ انیشیٹیو ہے۔ ریاض آرٹ پروگرام کے تحت 75 فن پارے نصب کیے گئے ہیں جبکہ ان کی تعداد 115 تک بڑھانے کا بھی پلان ہے۔
اس حالیہ کلیکشن میں 35 سعودی آرٹسٹس اور 45 ممالک سے 100 بین الاقوامی فنکاروں نے حصہ لیا جن میں انیش کپور، گیوسِپی پینونے اور جیف کُونز سمیت سعودی عرب کے مشہور آرٹسٹس زمان جاسم، محمد السلیم اور منال الضویان شامل ہیں۔
ان فن پاروں کو حکمت عملی کے ساتھ اہم گلیوں، عوامی چوکوں، کلچرل سینٹرز اور اہم شہری مقامات پر نصب کیا گیا ہے جس سے شہری اور سیاح اپنے روزمرہ کے کاموں کے دوران لطف اندوز ہوتے ہیں۔

اس کلیکشن میں وہ فن پارے موجود ہیں جنہیں یا تو خاص طور پر آرڈر دے کر منگوایا گیا ہے یا پھر خریدا گیا ہے۔
یہ فن پارے اس مقام کو ملحوظ خاطر رکھ کر بنوائے گئے ہیں تاکہ وہ شہری زندگی کے ساتھ ہم آہنگ ہوں اور وہاں کے لوگوں کی آمدورفت کے ساتھ مطابقت رکھتے ہوں۔

حالیہ فن پاروں کو بین الاقوامی مقابلے کے تحت منتخب کیا گیا تھا جس میں 161 فنکاروں نے حصہ لیا جس میں 72 فنکاروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔
ان فن پاروں نے شہر کی اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر متنوع اور ہمہ وقت بدلتے ہوئے فن پاروں کو تشکیل دینے میں کردار ادا کیا ہے۔
