سمندری سیاحت: ارویا کروزز کا مئی میں جدہ سے اپنے بحری سفر کے آغاز کا اعلان
ارویا کروز بحیرۂ روم میں اپنے دوسرے سیزن کو شروع کرنے کی تیاریوں میں بھی مصروف ہے (فوٹو: ایس پی اے)
ارویا کرُوزز مئی کے مہینے سے جدہ کے ساتھ سے متصل بحیرۂ احمر میں تفریحی بحری سفر کا آغاز کر رہا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس تفریحی کروز کے شروع ہونے سے سمندری سیاحت کے میدان میں مملکت میں داخلے کے لیے جدہ شہر کی حیثیت مزید مستحکم ہو گی اور اِس سے ریجن میں بھی اس قسم کی سیاحتی سرگرمیوں کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔
ارویا کروزز کا انتظام کرنے والی کمپنی نے اشارہ دیا ہے کہ اُس کا بحری جہاز ارویا آج کل جدہ کی جانب سفر پرگامزن ہے جہاں سے اُس کے پہلے سفر کے شیڈیول کا اعلان کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ ارویا کروز کا پہلا سمندری سفر 14 مئی کو ہوگا جس کے لیے مسافروں کو سفر کے راستے اور ہدایت پر مبنی متنوع تفصیل دی جائے گی۔
سیر کے لیے اِس کروز میں سفر کرنے والوں کو تین سے پانچ راتوں کے لیے کئی علاقائی مقامات پر قیام کی سہولت کی پیشکش کی جائے گی جس میں مملکت کی اپنی بندرگاہ ینبع، عرب جمہوریہ مصر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ اور اُردن میں ہاشمی مملکت کی تفریحی منزل عقبہ بھی شامل ہے۔
سنمدری تفریحی سفر کے پروگرام میں پانچ راتوں کا خصوصی سفر ایسے وقت ہو رہا ہوگا جب دنیا بھر میں بیشتر مسلمان عید الاضحٰی کی تعطیلات پر ہوں گے۔ یوں، عقبہ اور شرم الشیخ کے سیاحتی مقامات مل کر تفریحی سفر کے شرکا کے لیے ایک جامع سیاحتی تجربہ بن جائیں گے جو مہمانوں کی مختلف دلچپسیوں اور ضرروتوں کی تکمیل کرے گا۔
سفر کی جزیات اور تفصیلات طے کرتے وقت ’ارویا کروز‘ نے سفر سے متعلق مختلف سرگرمیوں میں کافی لچک رکھی ہے۔ اِن تفصیلات اور پروگراموں میں ایسے افراد کی طرف خصوصی توجہ مبذول کی گئی ہے جو مختصر وقفے کے لیے کروز میں شامل ہیں۔
کروز نے جدہ کی سٹریٹیجک لوکیشن اور روانگی میں آسانیوں کی وجہ سے بھر پور فائدہ اٹھانے کی بھی کوشش کی ہے۔

دریں اثنا ارویا کروز بحیرۂ روم میں اپنے دوسرے سیزن کو شروع کرنے کی تیاریوں میں بھی مصروف ہے جو اِسی سال جون سے ستمبر کے وسط تک جاری رہے گا۔ اِس کروز میں سات راتوں پر مشمل تفریحی سفر کی پیشکش شامل ہوگی جس کا آغاز ترکی کے شہر استنبول کی بندرگاہ غلاطہ سے ہوگا۔
اِس تفریحی سفر کی دیگر تفصیلات میں ترکیہ کی متعدد بندرگاہوں پر قیام، جزائرِ یونان اور مصر میں اسکندریہ شہر میں قیام بھی شامل ہے۔
ارویا کروزز کے صدر ستورِے میرمیل نے تصدیق کی ہے کہ تفریحی بحری سفر میں لچک اور ثقافتی تجربات کی بڑھتی ہوئی مانگ اِس بات کی عکاس ہے کہ مسافروں کی سفری ترجیحات تبدیل ہو رہی ہیں۔

انھوں نے خاص طور پر ذکر کیا کہ اُن کی کمپنی، عرب ثقافت سے تحریک حاصل کرنے والے جامع تجربات کو مسافروں کے سامنے لانے کے عزم پر کار بند ہے۔ اُنھوں نے مزید کہا کہ اِن تجربات میں مختلف نسلوں کی ضروریات کو سامنے رکھا جائے گا۔
اُنھوں نے کہا کہ وہ بحیرۂ روم کے سفر سے قبل، بحیرۂ احمر سے کروز میں شریک ہونے والے مسافروں کو خوش آمدید کہنے کے لیے انتظار میں ہیں۔