Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حاتم طائی کا علاقہ‘ توارن نیچر ریزرو ایک منفرد تاریخی اور سیاحتی مقام

فطرت سے محبت کرنے والوں اور وزیٹرز کے لیے توارن اہم مقام  بن گیا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
حائل ریجن میں واقع توارن نیچر ریزرو منفرد ماحولیاتی اور جمالیاتی تنوع کی ایک مثال ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق یہ ریزرو اجا کے پہاڑی سلسلے میں واقع ہے۔ دلکش قدرتی ماحول کے باعث یہ فطرت سے محبت کرنے والوں اور وزیٹرز کے لیے ایک اہم مقام  بن گیا ہے۔
توارن نیچر ریزرو کو رنگا رنگ مناظر اور سبزہ زار منفرد بناتے ہیں جبکہ پورا علاقہ زرد اور بنفشی رنگ کے جنگلی پھولوں اور گھنی گھاس سے ڈھکا ہوا ہے۔
یہاں پائے جانے والے قدرتی درختوں میں طلع، رمث، سدر نمایاں ہیں جو اپنے اطراف میں موجود ریتیلے ٹیلوں اور پہاڑوں کے ساتھ مل کر صحرا اور نباتاتی زندگی کے حسین امتزاج کو اجاگر کرتے ہوئے مزید دلکشی میں اضافے کا باعث ہیں۔
یہ علاقہ حائل شہر سے 40 کلو میٹر مغربی سمت میں واقع ہے اور چاروں طرف سے اجا کے پہاڑی سلسلے میں گھرا ہوا ہے۔ یہاں وادیاں اور میدان موجود ہیں۔
تاریخی اعتبار سے بھی وادی توارن کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ عرب کے معروف شاعر اور سخی شخصیت حاتم الطائی کا اسی علاقے سے تعلق تھا۔
علاقے کے قدرتی حسن کی سحرانگیزی سے متاثر ہو کر متعدد معروف شعرا نے اسے اپنی شاعری میں بیان کرکے حسین مناظر کو امر بنا دیا۔

اس ریزرو میں انواع و اقسام کی نباتات بکثرت موجود ہیں جن میں القحویان، الافریقی، دیدحان کے علاوہ مختلف اقسام کے رنگ برنگے پھول شامل ہیں۔
توارن نیچر ریزرو میں سیاحوں کے لیے رہائشی کمپاؤنڈز، ریزورٹس، کیفے اور بچوں کے لیے پلے لینڈ کے علاوہ مقامی خاندانوں کے تعاون سے قائم کیے جانے والے ریستوران شامل ہیں۔

سیاحوں کو کلاسک گاڑیوں میں علاقے کی سیر بھی کرائی جاتی ہے جن میں منازل حاتم الطائی اور النفوذ سمیت دیگر مقامات شامل ہیں۔
توارن نیچر ریزرو کے قیام کے بعد سے مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جو خصوصاً معتدل موسم میں یہاں بڑی تعداد میں آتے ہیں۔

 

شیئر: