ینبع کی بندرگاہ پر پہلی سعودی کروز شپ ’ارویا‘ کی آمد
جمعرات 27 نومبر 2025 11:31
مملکت کی بحری سرحدی سکیورٹی فورس نے سیاحت کے لیے مختص کروز شپ ’ارويا‘ کی پہلی دفعہ آمد پر ینبع تجارتی بندرگاہ میں استقبال کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ اقدام بندرگاہ میں تنظیمی اور حفاظتی خدمات کو بہتر بنانے اور سعودی عرب کی بندرگاہوں میں خدمات کے معیار کو بلند کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ان اقدامات میں بحری سلامتی کے تقاضوں کی نگرانی اور بندرگاہ کی سیاحتی تیاری کا جائزہ شامل ہے تاکہ سیاحتی سفر کے لیے محفوظ اور موزوں ماحول فراہم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ اوریا کروز، سعودی کروز کمپنی کا جہاز ہے جو مکمل طور پر سعودی جنرل انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت ہے۔
سعودی کروز کمپنی ملک کے سیاحتی بحری سفر کے شعبے کی ترقی میں مہارت رکھتی ہے۔
کمپنی کی پہلی کروز شپ ’ارويا‘ جدہ اسلامی بندرگاہ سے بحیرۂ احمر میں سیاحتی خدمات پیش کر رہی ہے۔
ارویا کروز میں عالمی معیار کی متعدد سہولیات موجود ہیں، جن میں روایتی مقامی بازاروں سے متاثر ایک شاپنگ ایریا بھی شامل ہے، جو کروز جہازوں میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ہے۔
اس کے علاوہ اوریا کروز میں شاندار سپا اور ہیلتھ ریزوٹ بھی ہے جس میں آرام و تھیرپی کے خصوصی کمرے شامل ہیں۔
کروز میں 29 ریستوران اور کیفے، 20 تفریحی مراکز اور اس شعبے میں بچوں کے لیے ایک بڑا پلے ایریا بھی ہے۔