Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت، تحقیقات کا آغاز

محمد نواز کو ٹی20 بلاسٹ کے لیے سرے کی جانب سے سائن کیا جانا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد نواز مبینہ طور پر ڈوپ ٹیسٹ کے مثبت آنے کے بعد تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔
معروف کرکٹ ویب سائٹ ’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے مطابق اس معاملے کے باعث انگلینڈ کی کاؤنٹی ٹیم ’سرے‘ کے ساتھ ان کا معاہدہ بھی منسوخ ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 32 سالہ محمد نواز 98 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اینٹی ڈوپنگ پراسیس میں ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے بدھ کو بتایا کہ ’آئی سی سی نے اس معاملے سے آگاہ کیا ہے اور پی سی بی نے ضابطے کے مطابق کارروائی شروع کر دی ہے، جس کے نتائج جلد آئی سی سی کو فراہم کیے جائیں گے۔‘
رپورٹ کے مطابق یہ ٹیسٹ رواں سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے دوران لیا گیا تھا۔ محمد نواز نے اس ایونٹ میں پاکستان کے تمام سات میچز کھیلے، جہاں انہوں نے 15 رنز سکور کیے اور سات وکٹیں حاصل کیں تاہم ٹیم سپر ایٹ مرحلے سے آگے نہیں بڑھ سکی تھی۔
محمد نواز کو ٹی20 بلاسٹ کے لیے سرے کی جانب سے سائن کیا گیا تھا اور انہوں نے 26 مئی سے 18 جولائی تک ٹورنامنٹ کے لیے ٹورنامنٹ کھیلنا تھا۔
پی سی بی نے دو ہفتے قبل انہیں نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) بھی جاری کیا تھا، جبکہ سرے اس ہفتے ان کے معاہدے کا باضابطہ اعلان کرنے والی تھی۔ تاہم تازہ پیش رفت کے بعد یہ معاہدہ ختم ہو چکا ہے اور نواز اب اس سیزن میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب، محمد نواز پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ حالیہ میچ میں انہوں نے راولپنڈی کے خلاف تین اوورز کیے لیکن کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
اس حوالے سے آئی سی سی نے فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 32 سالہ محمد نواز 98 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں (فوٹو: اے سی سی)

تفریحی ڈرگز (منشیات) کیا ہوتی ہیں؟

تفریحی منشیات وہ کیمیائی مادے ہوتے ہیں جو عموماً کسی طبی مقصد اور ڈاکٹر کی نگرانی کے بغیر استعمال کیے جاتے ہیں۔
ان کا بنیادی مقصد وقتی طور پر خوشی، سکون یا ذہنی کیفیت میں تبدیلی پیدا کرنا ہوتا ہے۔ اس زمرے میں الکحل، نکوٹین، چرس، کوکین اور مختلف مصنوعی (سنتھیٹک) منشیات شامل ہوتی ہیں، جو انسانی جسم اور ذہن پر مختلف نوعیت کے اثرات ڈال سکتی ہیں۔ ان منشیات کے متعلق مختلف ممالک میں مختلف قوانین ہیں، بعض ممالک میں ان کا استعمال قانونی ہے جبکہ بعض میں قانونی ہے۔

ڈوپنگ کیسز کی حساسیت

کھیلوں کی دنیا میں ڈوپنگ کے معاملات نہایت سنجیدہ اور حساس سمجھے جاتے ہیں، کیونکہ یہ نہ صرف کھلاڑی کی ساکھ بلکہ کھیل کی شفافیت کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
پی سی بی ماضی میں ایسے کیسز پر سخت مؤقف اختیار کرتا رہا ہے اور ضابطوں کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔ اگر محمد نواز پر عائد الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو انہیں معطلی، جرمانہ یا پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے اثرات ان کے بین الاقوامی کیریئر کے ساتھ ساتھ فرنچائز کرکٹ میں مواقع پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

شیئر: