Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پرتگال کے لوگو! وہ دن آ گیا ہے‘: رونالڈو کا قومی فٹ بال ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

رونالڈو کا یہ اعلان دو دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ایک شاندار کیریئر کے اختتام کی علامت ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ وہ اب قومی ٹیم کی جانب سے مزید نہیں کھیلیں گے۔ 
اس فیصلے کے ساتھ ہی ان کا بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہوگیا، جس کے دوران انہوں نے چھ ورلڈ کپ میں شرکت کی، یورپی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا اور بین الاقوامی فٹ بال میں سب سے زیادہ گول کرنے والے مرد کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔
رونالڈو کا یہ اعلان دو دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط ایک شاندار کیریئر کے اختتام کی علامت ہے۔ ان کے بین الاقوامی سفر کا آغاز یورو 2004 سے قبل ہوا تھا جبکہ اختتام قومی ٹیم کے کوچ جارجے جیزس کے ساتھ اختلافات کے بعد ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑنے کے واقعے پر ہوا۔
41 سالہ رونالڈو نے سوشل میڈیا پر جاری ایک طویل ویڈیو پیغام میں پرتگالی عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا، ’پرتگال کے لوگو! وہ دن آ گیا ہے جب میں قومی ٹیم کی نمبر 7 کی جرسی واپس کرنے جا رہا ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے کبھی یہ نہیں سمجھا کہ یہ جرسی صرف میری ملکیت تھی، لیکن 23 برس تک اسے پہننے، اس کا دفاع کرنے اور دنیا بھر کے سٹیڈیمز میں اپنے ساتھ لے جانے کا اعزاز اور ذمہ داری مجھے حاصل رہی۔‘
رونالڈو کا کہنا تھا کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ یہ جرسی آنے والی نسل کے حوالے کر دی جائے۔ یہ آسان فیصلہ نہیں تھا، کیونکہ بعض فیصلے صرف ذہن سے نہیں کیے جاتے بلکہ ان میں دل بھی شامل ہوتا ہے۔ اگست 2003 میں شروع ہونے والا وہ سفر، جس نے میری زندگی ہمیشہ کے لیے بدل دی، اب اپنے اختتام کو پہنچ گیا ہے۔‘
پرتگال کی جانب سے عظیم کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کرنے کا اعلان
دوسری جانب رونالڈو کے دیرینہ ہم عصر اور ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے گزشتہ ماہ ایک انتہائی متوقع الوداعی میچ کے بعد اپنے ملک کی قومی ٹیم کے لیے کھیلنے کا سفر مکمل کیا تھا۔ اس کے برعکس رونالڈو کا پرتگال کی جانب سے آخری میچ 24 ستمبر کو ویلز کے خلاف نیشنز لیگ میں تھا، جس میں پرتگال نے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی تھی۔
اس میچ کے بعد کوچ جارجے جیزس نے اگلے مقابلے میں رونالڈو کو بینچ پر بٹھائے رکھا اور عندیہ دیا کہ وہ آئندہ میچ میں بھی انہیں ابتدائی کھلاڑیوں میں شامل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ اس صورت حال پر رونالڈو نے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بعد ازاں جیزس نے کہا تھا کہ رونالڈو کی ٹیم میں واپسی کا خیرمقدم کیا جائے گا اور واپسی کا فیصلہ خود کھلاڑی کو کرنا ہے۔

میسی کی طرح رونالڈو بھی کلب کی سطح پر فٹ بال کھیلنا جاری رکھیں گے (فوٹو: اے ایف پی)

پرتگال کی فٹ بال فیڈریشن نے رونالڈو کی قومی خدمات پر ان کے لیے ’تشکر اور بے پناہ احترام‘ کا اظہار کیا۔
فیڈریشن کے بیان میں کہا گیا کہ ’کرسٹیانو رونالڈو نے عالمی سطح پر پرتگال کی شناخت کو نمایاں کیا اور نوجوانوں کی کئی نسلوں کو اپنے نقش قدم پر چلنے کا خواب دیکھنے کی ترغیب دی۔ ہم میں سے بہت سے لوگوں کے لیے وہ اب تک کے عظیم ترین فٹ بالر ہیں۔‘
فیڈریشن نے مزید کہا کہ وہ رونالڈو کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس میں شائقین اور پوری قوم ایک بار پھر اس کھلاڑی کو خراج تحسین پیش کر سکیں گے جس نے ملک کو بہت کچھ دیا ہے۔
میسی کی طرح رونالڈو بھی کلب کی سطح پر فٹ بال کھیلنا جاری رکھیں گے۔ توقع ہے کہ وہ رواں سیزن کے اختتام پر سعودی عرب کے کلب النصر کے ساتھ اپنے کلب کیریئر کا بھی اختتام کریں گے۔
رونالڈو اپنے کیریئر میں ایک ہزار گول مکمل کرنے کے سنگ میل کے تعاقب میں ہیں۔ اب تک وہ مجموعی طور پر 985 گول کر چکے ہیں، جن میں سے ریکارڈ 146 گول پرتگال کی قومی ٹیم کی جانب سے 234 میچز میں سکور کیے۔

شیئر: