Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا محمد عامر انڈین پریمیئر لیگ 2027 میں شرکت کریں گے؟

سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے آئی پی ایل 2027 میں شرکت سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے (فوٹو:اے ایف پی)
سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2027 میں شرکت سے متعلق خبروں کی تردید کر دی ہے۔
محمد عامر نے پیر کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ’سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ آئی پی ایل سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔‘
اس سے قبل انڈین میڈیا میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ برطانوی شہریت حاصل کرنے والے محمد عامر آئی پی ایل 2027 کی نیلامی میں بطور برطانوی کھلاڑی اپنا نام درج کرا سکتے ہیں۔
انڈین میڈیا اور کرکٹ ویب سائٹ کرک بز کی رپورٹس کے مطابق محمد عامر نے افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کے ڈرافٹ میں برطانوی شہری کی حیثیت سے اپنا نام درج کرایا تھا جس کے بعد ان کی آئی پی ایل میں ممکنہ شرکت سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔
محمد عامر نے مئی 2026 میں برطانوی شہریت حاصل کی تھی اور اس کے بعد انگلینڈ میں مقامی کھلاڑی کی حیثیت سے ٹی 20 بلاسٹ اور دی ہنڈرڈ سمیت مختلف کرکٹ مقابلوں میں حصہ لیا۔
ان کی برطانوی شہریت کے باعث آئی پی ایل میں شرکت کے امکانات پر بات کی جا رہی تھی۔ اس حوالے سے سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود کی مثال بھی دی جا رہی تھی جو برطانوی شہریت کی بنیاد پر 2012 سے 2015 کے دوران آئی پی ایل میں کھیل چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹرز نے آئی پی ایل کے پہلے سیزن 2008 میں شرکت کی تھی تاہم اس کے بعد سے پاکستانی کھلاڑی اس لیگ میں شامل نہیں ہوئے۔
سابق پاکستانی آل راؤنڈر اظہر محمود اس حوالے سے استثنا تھے جنہوں نے برطانوی پاسپورٹ پر آئی پی ایل میں شرکت کی تھی۔
آئی پی ایل 2027 کی منی نیلامی 16 دسمبر 2026 کو انڈین ریاست گوا میں متوقع ہے جبکہ ٹورنامنٹ کے باقاعدہ آغاز کی حتمی تاریخ تاحال جاری نہیں کی گئی۔
 انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق لیگ کا 2027 کا سیزن مارچ میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

شیئر: