شہتوت: غذائیت اور معاشی اہمیت رکھنے والا ایک موسمی پھل
جمعرات 23 اپریل 2026 9:41
الاحسا کے بازاروں میں ان دنوں تازہ شہتوت بڑی مقدار میں آ رہی ہے جو سرخ، سیاہ اور نیلے رنگ میں دستیاب ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ فصل اپنی زیادہ پیداوار کی صلاحیت اور علاقے میں معاشی و سرمایہ کاری کے امید افزا امکانات کی وجہ سے توجہ حاصل کر رہی ہے۔
کنگ فیصل یونیورسٹی میں فروٹ سائنس کے پروفیسر ڈاکٹر حسام الدین حسین محمود نے کہا کہ شہتوت کی کاشت مملکت میں ایک امید افزا زرعی شعبہ ہے کیونکہ اس کی غذائی اہمیت زیادہ ہے اور اس کے مختلف استعمال ہیں۔
انہوں نے الاحسا میں شہتوت کی پیداوار کو وہاں کے زرعی نظام، زیرِ زمین پانی کی دستیابی اور مشکل حالات میں فصلوں کی کاشت کے لیے مقامی کسانوں کے تجربے سے منسوب کیا۔
ڈاکٹر حسام الدین حسین محمود نے پیداوار بڑھانے، معیار بہتر بنانے اور معاشی منافع زیادہ کرنے کے لیے جدید زرعی طریقے اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ڈاکٹر محمود نے کہا کہ آرگینک مادے سے بھرپور مٹی شہتوت کے درختوں کی صحت مند نشوونما میں مدد دیتی ہے اور مستحکم پیداوار کو یقینی بناتی ہے۔
انہوں نے الاحسا میں کاشت کی افادیت پر بھی روشنی ڈالی جہاں شہتوت کے درخت کھجور کے درختوں کے ساتھ اگائے جاتے ہیں۔ کھجور کے درخت سایہ فراہم کرتے ہیں، گرمی کے دباؤ کو کم کرتے ہیں اور نسبتاً معتدل مقامی ماحول بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہتر اقسام متعارف کرانے اور جدید آبپاشی و کھاد ڈالنے کی تکنیک سے اس شعبے کو مزید ترقی دی جا سکتی ہے اور اس کی معاشی صلاحیت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔