ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی مسقط سے ایک بار پھر پاکستان جائیں گے: اِرنا
اتوار 26 اپریل 2026 12:02
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سنیچر کو اسلام آباد سے روانہ ہوئے تھے (فوٹو: مہر نیوز ایجنسی)
ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ کے مطابق وزارت خارجہ امور کے شیڈول کے مطابق عمان میں اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد اور روس روانگی سے قبل پاکستان جائیں گے۔
ایجنسی کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی پاکستانی حکام سے ملاقات کے بعد سنیچر 25 اپریل کی شام مسقط پہنچے، جہاں سے وہ ایک بار پھر پاکستان روانہ ہوں گے۔
ان کے وفد کا ایک حصہ ’جنگ کے خاتمے سے متعلق مشاورت اور ضروری ہدایات‘ کے لیے تہران واپس چلا گیا تھا، وہ بھی اتوار کی رات عباس عراقچی کے ساتھ دوبارہ شامل ہو گا۔
خیال رہے عباس عراقچی اس وفد کی قیادت کر رہے تھے جو مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے اسلام آباد آیا تھا جبکہ امریکی وفد نے اگلے روز پہنچنا تھا۔
اس دوران ہی خبر سامنے آئی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی وفد کو پاکستان جانے سے منع کر دیا ہے اور ایرانی وزیر خارجہ عمان کے لیے روانہ ہو گئے تھے جبکہ روس کا دورہ بھی ان کے شیڈول کا حصہ تھا۔
تاہم اب ایران کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ وہ روس جانے سے قبل پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ایرانی وفد 24 اپریل کو اسلام آباد پہنچا تھا جس کا نور خان ایئر بیس پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے استقبال کیا تھا۔
بعد ازاں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ اپنے بھائی ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا استقبال کر کے خوشی محسوس ہوئی۔‘
وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ایرانی وزیر خارجہ نے ملاقات کی تھی۔
تاہم مذاکرات کا دوسرا دور نہیں ہو پایا تھا اور اب ایک پھر بات چیت کے ذریعے کے جنگ کے خاتمے کی امید پیدا ہوئی ہے۔
