Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر ٹرمپ کی تیل کمپنیوں کے اعلی حکام سے ملاقات، ایران کی ناکہ بندی بڑھانے پر غور

تیل کی بڑھتی قیمتیں نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔ (فوٹو: اے پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز چیورون  اور دیگر توانائی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی تاکہ اگر ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کئی ماہ تک جاری رہتی ہے تو تیل کی عالمی منڈی کو مستحکم رکھنے کے ممکنہ اقدامات پر بات کی جا سکے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار کے مطابق گفتگو میں امریکی تیل کی پیداوار، آئل فیوچرز، شپنگ اور قدرتی گیس کے معاملات شامل تھے۔
انہوں نے کہا ’نہوں نے ان اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا جو صدر ٹرمپ نے عالمی تیل کی منڈی کو مستحکم کرنے کے لیے کیے ہیں، اور ان اقدامات پر بھی غور کیا جو ہم کئی ماہ تک موجودہ ناکہ بندی جاری رکھنے کی صورت میں کر سکتے ہیں تاکہ امریکی صارفین پر اس کے اثرات کم سے کم ہوں۔‘
چیورون کے ترجمان کے مطابق کمپنی کے سی ای او مائیک ورتھ نے بھی اجلاس میں شرکت کی، جہاں ایران کے ساتھ امریکہ، اسرائیل جنگ کے باعث متاثر ہونے والی عالمی تیل منڈی پر گفتگو ہوئی۔
اجلاس میں نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ، چیف آف اسٹاف  سوسی وایلس، خصوصی ایلچی سٹیو وٹکاف اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شریک تھے۔ اس ملاقات کی خبر سب سے پہلے ایکسیوس نے دی۔
تیل کی بڑھتی قیمتیں نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان اننا کیلی نے ایران کی ممکنہ طویل ناکہ بندی سے متعلق سوال پر کہا کہ صد ٹرمپ کے پاس ایسا معاہدہ کرنے کے تمام آپشنز موجود ہیں جو یہ یقینی بنائے کہ ایران کبھی ایٹمی ہتھیار حاصل نہ کرے، تاہم وہ سفارتکاری کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ ’ایرانی بندرگاہوں کی کامیاب ناکہ بندی کی بدولت امریکہ کو اس حکومت پر زیادہ سے زیادہ دباؤ حاصل ہے، اور صدر صرف ایسا معاہدہ قبول کریں گے جو ہمارے ملک کی قومی سلامتی کا تحفظ کرے۔‘

قیمتوں میں اضافہ

ان اقدامات کے باوجود تیل کی قیمتوں میں کمی نہیں آئی، اور برینٹ کروڈ کی قیمت بدھ کے روز 115 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی، جو ایک ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔
وائٹ ہاؤس عہدیدار کے مطابق، کمپنیوں کے حکام نے کہا کہ ٹرمپ اس وقت تیل کی منڈی کے حوالے سے ’درست اقدامات‘ کر رہے ہیں۔
ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے شپنگ قانون کے تحت 90 دن کی رعایت میں توسیع دی، تاکہ غیر ملکی جھنڈے والے جہاز امریکی بندرگاہوں کے درمیان تیل اور کھاد جیسی اشیاء منتقل کر سکیں۔

 

 

شیئر: