طائف شاہراہ کے توسیعی منصوبے پر 65 فیصد کام مکمل
جمعرات 30 اپریل 2026 0:00
رائل کمیشن برائے ریاض نے اعلان کیا ہے کہ طائف شاہراہ کے توسیعی منصوبے پر 65 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔
یہ منصوبہ رنگ روڈ اور مرکزی شاہراہوں کی ترقی کے پہلے مرحلے میں شامل ہے جس کی مجموعی لاگت 13 ارب ریال ہے۔
ایس پی اے کے مطابق طائف شاہراہ کا توسیعی منصوبہ 9.7 کلو میٹر طویل ہے جو لبن محلے سے شروع ہو کر القدیہ منصوبے تک پھیلا ہوا ہے۔
اسے شہر کی تیز رفتارترقی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اہم شاہراہ کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔
مرکزی شاہراہ کے لیے چار ٹریکس شامل ہوں گے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کی یومیہ گنجائش 40 ہزار تک بڑھ جائے گی۔
منصوبے میں وادی برج شامل ہے جو اس کا ایک نمایاں حصہ ہوگا۔ اس پل کی لمبائی 500 میٹر اور چوڑائی 47 میٹر ہوگی جو ایک منفرد انجینیئرنگ کے شاہکار کی حیثیت کا حامل ہے۔

منصوبہ مکمل ہونے کے بعد رہائشی علاقوں اور بڑے ترقیاتی منصوبوں خصوصاً القدیہ کے درمیان براہ راست رابطے کا ذریعہ ہوگا جس سے دارالحکومت میں تیز رفتار شہری ترقی کو مزید تقویت ملے گی۔
طائف روڈ کی یہ توسیع بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے جامع منصوبے کا حصہ ہے جس کا مقصد معیار زندگی کو بہتر بنانا اور وژن 2030 کے تحت زیادہ مربوط اور پائیدار شہر کی تعمیر کے اہداف حاصل کرنا ہے۔
