ریاض: جولائی میں جوشوا اور پرینگا کے درمیان مقابلہ ہوگا
جمعرات 30 اپریل 2026 9:03
ترکی آل الشیخ کے مطابق انتھونی جوشوا باکسنگ رِنگ میں فائٹ کے لیے واپس آ رہے ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ برطانوی باکسر انتھونی جوشوا باکسنگ کے ایک بڑے مقابلے کے لیے ریاض آنے والے ہیں۔
ترکی آل الشیخ کے مطابق انتھونی جوشوا، باکسنگ رِنگ میں جس فائٹ کے لیے واپس آ رہے ہیں اُسے ’دا کم بیک‘ کا نام دیا گیا ہے۔ باکسنگ کا یہ مقابلہ اسی برس 25 جولائی کو ریاض میں منعقد ہوگا جسے دنیا بھر میں DAZN پر نشر کیا جائے گا۔
DAZN، سپرٹس کے ایونٹس کو لائیو نشر کرنے والی عالمی سٹریمنگ سروس ہے جسے ’ڈا زون‘ کہہ کر پکارا جاتا ہے اور اِسے ’سپورٹس کا نیٹ فلِکس‘ بھی کہتے ہیں۔
ریاض کے باکسنگ رِنگ میں جوشوا، البانیہ کے ہیوی ویٹ باکسر کرسٹیئن پرینگا سے مقابلہ کریں گے۔ باکسنگ کے شائقین اِس ہیوی ویٹ مقابلے کا ابھی سے انتظار کرنا شروع ہو گئے ہیں۔
بطور باکسر، انتھونی جوشوا کا پیشہ ورانہ ریکارڈ کافی مضبوط اور متاثر کُن ہے۔ جبکہ پرینگا بہت طاقتور سمجھے جانے والے مُکّے باز ہیں۔ اُنھوں نے باکسنگ کے مقابلوں میں اکثر و بیشتر اپنے مدِ مقابل کو پوائنٹس پر شکست دینے کے بجائے، ناک آؤٹ کر کے فتح حاصل کی ہے۔

ریاض میں جولائی میں ہونے والا یہ ایونٹ شائقین جس کے بہت زیادہ منتظر ہیں، مملکت کی جانب سے باکسنگ کے بڑے اور اہم مقابلوں کی میزبانی کرنے کے تسلسل کا ایک حصہ ہے۔ اِس طرح کے مقابلوں کی میزبانی سے ریاض کی سپورٹس اور تفریح کے اعلٰی درجے کے عالمی مقام کی حیثیت مزید مضبوط ہو گی۔