سعودی باکسر نائف الغزوانی نے یوتھ اولمپک گیمز کے لیے کوالیفائی کر لیا
یوتھ اولمپک گیمز سینیگال کے شہر ڈاکار میں 31 اکتوبر سے 13 نومبر تک کھیلے جائیں گے (فوٹو: اولمپکس)
سعودی سپورٹس میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے باکسر نائف الغزوانی نے یوتھ اولمپک گیمز کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یوتھ اولمپک گیمز سینیگال کے شہر ڈاکار میں 31 اکتوبر سے 13 نومبر تک کھیلے جائیں گے۔
الغزوانی سعودی عرب کی جانب سے باکسنگ کے کھیل میں پہلی مرتبہ اولمپک سٹیج تک رسائی حاصل کرنے والے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔
یہ کامیابی سعودی باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے ڈیزائن کیے گئے جامع روڈ میپ کی نشاندہی کرتی ہے جس کا آغاز مملکت کی بیلٹ چیمپئن شپ فار یوتھ سے ہوا تھا۔
اس پُول سے کامیاب باکسرز کو بڑے ڈیویلپمنٹل پروگرام کے لیے چنا گیا تھا۔
باکسر کی ماہر فیڈریشن کوچز کی زیرنگرانی مائیک ٹائسن کلب میں سخت ٹریننگ ہوئی۔ اس کے بعد تھائی لینڈ میں بھی ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ایتھلیٹس کی تکنیکی اور جسمانی طور پر تیاری کروانا تھی۔
ان تمام کوششوں کی وجہ سے الغزوانی نے سعودی نیشنل ٹیم کے ساتھ انڈر 19 ورلڈ باکسنگ فیوچرز کپ میں شمولیت کی جہاں انہوں نے اٹلی کے فرانسیسکو زونائل کو شکست دے کر اولمپک میں اپنی جگہ بنائی۔
