Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نائٹ آف دا سامورائی‘: ریاض میں جاپانی باکسرز انوئے اور ناکاتانی کا ٹاکرا

’دی رنگ ففتھ: نائٹ آف دا سامورائی‘ کے موقعے پر جاپانی باکسنگ 27 دسمبر کو سعودی عرب میں توجہ کا مرکز بننے جا رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض میں’دی رنگ ففتھ: نائٹ آف دا سامورائی‘ کا انعقاد ہوگا جس میں دو ناقابل شکست چیمپئنز نویا اینوئے اور جونتو ناکاتانی ممکنہ طور پر 2026 میں ایک جاپانی بلاک بسٹر کے لیے راہ ہموار کریں گے۔
دی نائٹ آف دا سامورائی میں کئی جاپانی باکسرز کے عالمی ٹائٹل میچز ہوں گے جن میں سب سے نمایاں دنیا کے بہترین پاؤنڈ فار پاؤنڈ فائٹر اینوئے ہوں گے۔ 32 برس کے اینوئے میکسیکو کے 25 برس کے ایلن پیکاسو کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ دونوں فائٹر ناقابل شکست ہیں۔ اینوئے نے 31 میچز میں 27 ناک آؤٹس کے ساتھ کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پیکاسو نے 32 جیتیں اور ایک ڈرا کے ساتھ 17 ناک آؤٹس حاصل کیے ہیں۔
یونیفائیڈ بینٹم ویٹ چیمپئن ناکاتانی، سپر بینٹم ویٹ میں اپنا ڈیبیو کریں گے اور میکسیکو کے 24 برس کے سیباسچیئن ہرنینڈیز ریئس مقابل ہوں گے۔ ناکاتانی کی جیت ممکنہ طور پر اگلے سال مئی میں ٹوکیو ڈوم میں اینوئے کے ساتھ ایک شاندار مقابلے کی راہ ہموار کرے گی۔
انڈرکارڈ میں ولیبالڈو گارسیا سابق عالمی فلائی ویٹ چیمپئن کینشیرو تیریجی کے خلاف آئی بی ایف سپر فلائی ویٹ ٹائٹل کے لیے مقابلہ کریں گے، ایمانگا تیگا لائٹ ویٹ میچ میں آرمانڈو مارٹینیز سے اور سسومی ریتو سپر فیڈر ویٹ میچ میں لیوبارڈو کوئنٹانا کے خلاف لڑیں گے۔
سسومی ہایاتو اور چیمپئن جیزا ڈکنز کے درمیان ڈبلیو بی اے سپر فیدر ویٹ میچ منسوخ کر دیا گیا کیونکہ ایک سیشن کے دوران سسومی کے چہرے پر فریکچر ہو گیا۔
یہ باکسنگ ایونٹ ریاض سیزن کا حصہ ہے جو ثقافتی، تفریحی اور کھیلوں کے پروگراموں پر مشتمل ہے اور یہ سعودی وژن 2030 کے تحت بڑے سعودی سیزنز انیشیٹیو کا حصہ ہے۔

ایک سال قبل اینوئے اور ریاض سیزن کے درمیان 20 ملین ڈالر کا سپانسر شپ معاہدہ ہوا تھا (فوٹو: ریاض سیزن)

سعودی عرب نے حالیہ برسوں میں باکسنگ پروموشن کے میدان میں خود کو فرنٹ پر رکھا ہے اور بڑے ٹائٹل میچز اور نان ٹائٹل میچز کا انعقاد کیا ہے، جیسے اینٹنی جوشوا بمقابلہ اینڈی رُوئز، ٹائسن فیوری بمقابلہ سابق یو ایف سی ہیوی ویٹ چیمپئن فرانسس نگانو، ڈیونٹے وائلڈر بمقابلہ ژی لی ژانگ، اور اولیکسندر یوسک بمقابلہ جوشوا۔
سعودی عرب کے جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ دنیا کے سب سے نمایاں باکسنگ پروموٹر بن چکے ہیں اور باکسنگ میں سب سے بااثر شخصیات میں شمار ہوتے ہیں۔ ’دی نائٹ آف دا سامورائی‘ انہیں جاپان میں پہچان بنانے کا موقع فراہم کرے گا جہاں باکسنگ کی مضبوط ثقافت موجود ہے۔
انوئے نے جاپانی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سعودی عرب میں ریاض سیزن باکسنگ کے لیے مزید اہمیت اختیار کرتا جائے گا۔

دا نائٹ آف دا سامورائی میں کئی جاپانی باکسرز کے میچز ہوں گے (فوٹو: سکرین گریب)

ناقابل شکست چیمپئن نے آل الشیخ کو باکسنگ کا فین قرار دیا اور کہا کہ انہیں اس کھیل سے محبت ہے۔
ایک سال قبل اینوئے اور ریاض سیزن کے درمیان 20 ملین ڈالر کا سپانسر شپ معاہدہ ہوا تھا اور ریاض میں ہونے والا مقابلہ پروموٹر کو جاپان میں ناظرین کی بڑی تعداد تک پہنچنے کا موقع دیتا ہے۔
اینوئے نے کہا کہ ’سعودی عرب میں پہلی بار مقابلہ کرنا میرے لیے حوصلہ افزا ہے۔ جاپان میں لڑنے سے یہ تھوڑا مختلف ہے لیکن میں پُرجوش ہوں۔‘

شیئر: