آئی او ایس کی نئی اپڈیٹ، اب خفیہ ایجنسی ڈلیٹ میسجز تک نہیں پہنچ سکے گی
سکیورٹی اپڈیٹ آئی پیڈ کے لیے بھی ’آئی پیڈ او ایس 26.4.2‘ کی صورت میں دستیاب ہے (فوٹو: گیٹی)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ نے آئی فون کے لیے نیا سافٹ ویئر اپڈیٹ ’آئی او ایس 26.4.2‘ جاری کر دیا ہے، جو بظاہر ایک معمولی اپڈیٹ نظر آتا ہے لیکن درحقیقت اس میں ایک سنگین سکیورٹی خامی کو دور کیا گیا ہے۔
’سی نیٹ‘ کے مطابق اس خامی کے باعث امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی صارفین کے حساس پیغامات تک رسائی حاصل کر سکتا تھا، حتیٰ کہ اس وقت بھی جب سگنل ایپ کو فون سے ڈیلیٹ کر دیا گیا ہو۔
رپورٹس کے مطابق اپریل کے اوائل میں 404 میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ ’متعلقہ ادارے نے ایک ملزم کے فون سے پیغامات حاصل کیے کیونکہ سسٹم میں ان پیغامات کی نوٹیفکیشنز کی کاپیاں محفوظ رہ گئی تھیں، جو پیغامات بھیجے جانے کے وقت خودکار طور پر بن جاتی ہیں۔‘
اگرچہ ’ایپل‘ نے اپنی سکیورٹی نوٹ میں براہِ راست ایف بی آئی کا ذکر نہیں کیا، تاہم کمپنی کی وضاحت اسی مسئلے کی نشاندہی کرتی ہے۔
’ایپل‘ کے مطابق ’ڈیلیٹ کیے جانے والی نوٹیفکیشنز غیر متوقع طور پر ڈیوائس میں محفوظ رہ سکتی تھیں۔‘ نئی اپڈیٹ میں اس مسئلے کو بہتر ڈیٹا ریڈیکشن کے ذریعے حل کر دیا گیا ہے۔
یہ سکیورٹی اپڈیٹ آئی پیڈ کے لیے بھی ’آئی پیڈ او ایس 26.4.2‘ کی صورت میں دستیاب ہے۔
صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے آئی فون یا آئی پیڈ کو فوری طور پر اپڈیٹ کریں۔ اس کے لیے سیٹنگز میں جا کر جنرل، پھر سافٹ ویئر اپڈیٹ پر کلک کریں اور ’اپڈیٹ ناؤ‘ کا انتخاب کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس طرح کی چھوٹی اپڈیٹس کو اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے، لیکن بعض اوقات یہی اپڈیٹس انتہائی اہم سکیورٹی مسائل کو حل کرتی ہیں، اس لیے انہیں فوری انسٹال کرنا ضروری ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جاری کیے گئے ’آئی او ایس 26.4.1‘ میں ایپل نے ’سٹولن ڈیوائس پروٹیکشن‘ فیچر کو مزید مؤثر بنایا تھا تاکہ صارفین کو سکیورٹی خطرات سے بچایا جا سکے۔
مزید برآں، ’آئی او ایس 26.4‘ میں نئے ایموجیز اور ویڈیو پوڈکاسٹ جیسے فیچرز شامل کیے گئے تھے، جبکہ آئندہ آنے والا ’آئی او ایس 26.5‘ ممکنہ طور پر آر سی ایس میسجنگ میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سمیت دیگر نئی سہولیات متعارف کروا سکتا ہے۔
