مشہور ٹیک کمپنی ایپل نے موبائل اٹھانے کے لیے ایک پاؤچ متعارف کروایا ہے جس کی قیمت 229.95 ڈالرز ہے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 65 ہزار روپے بنتی ہے۔
اس پاؤچ کا نام ’آئی فون پاکٹ‘ رکھا گیا ہے اور اسے مشہور جاپانی فیشن ڈیزائنر ایسے میاکے نے ایپل کے ساتھ اشتراک میں تیار کیا ہے۔
مزید پڑھیں
کمپنی کے مطابق یہ منفرد بُنا ہوا پاؤچ ایک کپڑے کے ٹکڑے سے متاثر ہو کر تیار کیا گیا ہے جو نہ صرف آئی فون بلکہ دیگر چھوٹی اشیاء رکھنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کی 229.95 ڈالر قیمت پر صارفین نے خاصی حیرت کا اظہار کیا ہے۔
ایپل کا کہنا ہے کہ آئی فون پاکٹ کا تھری ڈی نِٹڈ(بُنا ہوا) ڈیزائن کسی بھی آئی فون کے سائز کے مطابق خود کو ڈھال لیتا ہے اور اضافی اشیاء رکھنے کے لیے پھیل جاتا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ’ایک اضافی جیب‘ کے تصور سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے جو سادہ مگر نفیس انداز میں آئی فون کو مکمل طور پر ڈھانپ لیتا ہے۔ یہ پاؤچ مختلف طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر اسے ہاتھ میں پکڑ کر، بیگ پر باندھ کر یا کندھے پر پہن کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ایپل کی نائب صدر برائے صنعتی ڈیزائن مولی اینڈرسن نے کہا ہے کہ ایپل اور ایسے میاکے کا ڈیزائن سادگی، خوبصورتی اور کاریگری کا امتزاج ہے۔‘
ان کے مطابق ’آئی فون پاکٹ انہی اصولوں کی عکاسی کرتا ہے اور ایپل کی دیگر پروڈکٹس کے لیے ایک اضافہ ہے۔‘
کمپنی کے مطابق ’آئی فون پاکٹ‘ ان تمام رنگوں میں دستیاب ہو گا جن میں آئی فون بنائے جاتے ہیں۔
ایپل کی یہ نئی پروڈکٹ رواں ماہ کی 14 تاریخ سے امریکہ، برطانیہ، جاپان، چین، اٹلی، فرانس، سنگاپور اور جنوبی کوریا سمیت دیگر ممالک میں ایپل سٹورز پر دستیاب ہو گی جبکہ اس کے علاوہ یہ ایپل کی ویب سائٹ سے بھی آرڈر کیا جا سکتی ہے۔
ابتدائی طور پر اس کی دو اقسام پیش کی گئی ہیں۔ ان میں کراس باڈی ورژن جس کی قیمت 29.952 ڈالرز جبکہ ایک چھوٹا ورژن 49.951 ڈالرز میں دستیاب ہو گا۔
سوشل میڈیا پر ’آئی فون پاؤچ‘ کی لانچ پر ملے جُلے تاثرات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بیشتر صارفین نے اس کے ڈیزائن اور قیمت دونوں پر طنز کیا ہے۔
مشہور یوٹیوبر مارکیس براؤنلی نے ایکس پر لکھا کہ ’دو سو تیس ڈالرز، ایسا لگتا ہے جیسے یہ ایپل فینز کی آزمائش ہے کہ وہ کمپنی کی ہر چیز کا دفاع کب تک کرتے رہیں گے۔‘
TWO hundred and thirty dollars This feels like a litmus test for people who will buy/defend anything Apple releases pic.twitter.com/hSAaJXGAOn
— Marques Brownlee (@MKBHD) November 11, 2025
ایک صارف نے طنز کیا کہ ’بالکل مضحکہ خیز، ایسا لگتا ہے جیسے ایپل کسی ایسی دنیا میں رہتا ہے، جو ایک جراب کے لیے 150 ڈالر وصول کرتا ہے۔‘
Just absolutely absurd. It’s as if Apple exist in a parallel universe, who charges $150 dollars for a sock?
— Krishna Anand (@KrishnaAnand_) November 11, 2025
رفیق ماور نے لکھا کہ ’جب بڑی ٹیک کمپنیاں اے آئی ماڈلز بنا رہی ہیں، ایپل جرابوں سے کھیل رہا ہے۔ آخر ایپل کے ساتھ ہو کیا رہا ہے؟‘
when the main tech bros are building AI models, Apple is playing with socks. what is happening at @Apple ?
— Rafeeque Mavoor (@rafeequemavoor) November 11, 2025
ایک صارف نے لکھا کہ ’میں اپنی دادی اماں کو بتاتا ہوں تاکہ وہ مجھے بھی ایسا ہی پاؤچ بنا دیں۔‘
I will tell my grandma to make me one
— JustBet (@JustBetOnchain) November 11, 2025
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ایپل نے اس نوعیت کی کوئی پاؤچ نما ایکسیسری متعارف کرائی ہو۔ اس سے قبل سنہ 2004 میں سٹیو جابز نے ’آئی پوڈ ساکس‘ کے نام سے ایک پروڈکٹ متعارف کروائی تھی جس کی قیمت 29 ڈالرز تھی۔












