نیویارک میں ای بائیک کی بیٹریوں سے آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ، سخت قوانین کی تجویز
نیویارک میں ای بائیک کی بیٹریوں سے آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ، سخت قوانین کی تجویز
پیر 23 نومبر 2026 11:29
رپورٹ کے مطابق 2017 سے 2024 کے دوران لیتھیم آئن بیٹریوں میں آگ کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک ہوئے: فائل فوٹو اے ایف پی
نیویارک میں ای بائیک کی لیتھیم آئن بیٹریوں سے لگنے والی آگ کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافے اور ہلاکت کے بعد حکام سخت قوانین متعارف کرانے پر غور کر رہے ہیں۔
مجوزہ اقدامات میں اپارٹمنٹس کے اندر بیٹریاں رکھنے پر پابندی اور غیر معیاری بیٹریوں کے استعمال کو جرم قرار دینا شامل ہے۔
تاہم ان تجاویز پر عمل درآمد سے ڈیلیوری ورکرز اور خصوصاً تارکین وطن کے روزگار پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے بھی تحفظات سامنے آئے ہیں۔
نیویارک میں حالیہ آتشزدگی کے دو واقعات میں مجموعی طور پر 10 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے کم از کم ایک واقعے کی وجہ ای بائیک کی بیٹری قرار دی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ان واقعات کے بعد نیویارک سٹی کونسل نے جمعے کو ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں بیٹریوں کے استعمال، چارجنگ اور محفوظ رکھنے سے متعلق نئی قانون سازی پر غور کیا گیا۔
تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں شہر میں لیتھیم آئن بیٹریوں سے آگ لگنے کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال نومبر کے اوائل تک ایسے 406 واقعات رپورٹ ہو چکے تھے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 241 تھی۔ یعنی ان واقعات میں تقریباً 70 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
مجوزہ قانون سازی کے تحت حفاظتی معیار پر پورا نہ اترنے والی بیٹریوں کا استعمال یا اپنے پاس رکھنا جرم قرار دیا جا سکتا ہے، جبکہ اپارٹمنٹس کے اندر ان بیٹریوں کو رکھنے پر بھی پابندی لگانے کی تجویز ہے۔
تاہم یہ واضح نہیں کہ مجوزہ اقدامات قانون کی شکل اختیار کر سکیں گے یا نہیں۔ میئر ظہران ممدانی کی انتظامیہ اور نیویارک فائر ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے ان تجاویز پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے عام شہریوں، خصوصاً کم آمدنی والے ڈیلیوری ورکرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فائر ڈیپارٹمنٹ کی کمشنر للین بونسیگنور نے کہا کہ انتظامیہ کو ان تجاویز کے غیر ارادی نتائج پر شدید تحفظات ہیں جن کا سب سے زیادہ اثر ڈیلیوری ورکرز پر پڑے گا۔ ان میں بڑی تعداد تارکین وطن کی ہے اور بہت سے افراد انگریزی زبان پر عبور نہیں رکھتے۔
ان کے مطابق اگر حکام غیر محفوظ قرار دی گئی سائیکلیں یا بیٹریاں ضبط کرتے ہیں تو ڈیلیوری ورکرز اپنی روزی کمانے کے واحد ذریعے سے محروم ہو سکتے ہیں اور ان کی زندگیاں متاثر ہو سکتی ہیں۔
نیویارک میں ڈیلیوری ورکرز کی ایک بڑی تعداد ای بائیک استعمال کرتی ہے: فائل فوٹو اے ایف پی
دوسری جانب امریکہ میں سینیٹ نے جمعرات کو نیویارک کے سینیٹرز چک شومر اور کرسٹن گلیبرانڈ کی جانب سے پیش کردہ ایک بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
اس بل کے تحت کنزیومر پروڈکٹ سیفٹی کمیشن کو ای بائیکس اور دیگر چھوٹی برقی سواریوں میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریوں کے لیے لازمی حفاظتی معیار مقرر کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔
ایوانِ نمائندگان پہلے ہی اس بل کی منظوری دے چکا ہے۔ کمیشن نے رواں سال جون میں بھی ان بیٹریوں کے لیے لازمی حفاظتی معیارات تجویز کیے تھے۔
کمیشن کی اپریل میں جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق 2017 سے 2024 کے دوران مائیکرو موبیلٹی ڈیوائسز کی لیتھیم آئن بیٹریوں سے لگنے والی آگ کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں 19 اموات ای بائیکس، 15 ای سکوٹرز اور 11 سیلف بیلنسنگ سکوٹرز یا ہوور بورڈز سے متعلق تھیں۔
لیتھیم آئن بیٹریوں سے آگ لگنے کا مسئلہ عالمی سطح پر بھی تشویش کا باعث بن رہا ہے۔ کورونا وبا کے دوران ای بائیکس اور ای سکوٹرز کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا جبکہ اب ان میں استعمال ہونے والی بہت سی بیٹریاں پرانی ہو رہی ہیں۔ فائر حکام کے مطابق بیٹریوں کا پرانی ہونا بھی آتشزدگی کے واقعات میں اضافے کی ایک ممکنہ وجہ ہے۔
مختلف ممالک نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے الگ الگ اقدامات کیے ہیں۔ برطانیہ میں حکومت نے غیر محفوظ بیٹریاں اور ان سے چلنے والی ڈیوائسز فروخت کرنے والوں کی ذمہ داری بڑھانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔
برطانوی حکومت کے ترجمان نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ غیر محفوظ ای بائیک اور ای سکوٹر بیٹریاں آگ لگنے کا سنگین خطرہ ہیں، اسی لیے مقامی حکام کے ساتھ مل کر غیر محفوظ مصنوعات کی آن لائن فروخت روکنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔