Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’ووٹوں کی گنتی سے قبل مداح کی خودکشی کی کوشش‘، الیکشن میں تامل اداکار وجے کے چرچے

ادکار وجے اگر الیکشن میں برتری برقرار رکھتے ہیں تو یہ ایک بڑی سیاسی کامیابی ہوگی (فوٹو: انڈین میڈیا)
انڈیا کی سیاست سے جڑی ایک خبر نے حالیہ دنوں میں خاصی توجہ حاصل کی جہاں معروف تامل ایکٹر و سیاستدان وجے کی الیکشن میں ممکنہ ہار کی خبر سننے پر مداح نے خودکشی کی کوشش کی۔
انڈین نیوز ویب سائٹ اے بی پی کی رپورٹ کے مطابق ریاست تمل ناڈو کے ضلع کرشن گیری میں ایک 28 سالہ نوجوان نے مبینہ طور پر صرف اس لیے خودکشی کی کوشش کی کہ وہ اداکار سے سیاستدان بننے والے جوزف وجے چندر شیکھر کے انتخابی مستقبل سے متعلق افواہوں سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گیا تھا۔
پولیس کے مطابق یہ نوجوان، جس کی شناخت کے مہندرن کے نام سے ہوئی، وجے کی جماعت تملگا ویٹری کژگم کا حامی بتایا جا رہا ہے۔
ووٹوں کی گنتی شروع ہونے سے کچھ دیر قبل اس نے اپنے گھر کے قریب انتہائی قدم اٹھایا، تاہم مقامی افراد نے بروقت اسے ہسپتال پہنچایا جہاں اس وقت اس کا علاج جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب اس کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور مزید تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔
vijay_fan
کے مہندرن کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور وہ بہتر ہو رہے ہیں (فوٹو: ٹائمز آف انڈیا)

یہ واقعہ جہاں ایک طرف سیاست سے جذباتی وابستگی کی شدت کو ظاہر کرتا ہے، وہیں دوسری جانب اس نے سب کی توجہ اس شخصیت کی جانب بھی مبذول کرا دی ہے جس کے گرد یہ جذبات گردش کر رہے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق تمل ناڈو اسمبلی انتخابات 2026 کے ابتدائی نتائج ایک حیران کن سیاسی تبدیلی کا اشارہ دے رہے ہیں۔ اداکار سے سیاستدان بننے والے وجے کی جماعت تملگا ویٹری کژگم نے پہلی ہی بار میں 100 سے زائد نشستوں پر برتری حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ روایتی بڑی جماعتیں جیسے اے آئی اے ڈی ایم کے دوسرے اور ایم کے سٹالن کی قیادت میں ڈی ایم کے تیسرے نمبر پر نظر آ رہی ہے۔
وجے خود بھی اہم حلقوں پیریمبور اور تروچیراپلی ایسٹ میں واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہیں جو ماضی میں ڈی ایم کے کے مضبوط گڑھ سمجھے جاتے تھے۔ اگر یہ برتری برقرار رہتی ہے تو یہ نہ صرف ایک بڑی سیاسی کامیابی ہوگی بلکہ انڈیا کی ریاستی سیاست کا نقشہ بھی بدل سکتا ہے۔
Vijay (Actor) Age, Wife, Net Worth, Height, Biography
جوزف وجے چندر شیکھر کی مشہور فلموں میں تھپکی، مرسل، بگِل اور ماسٹر شامل ہیں۔ (فوٹو: بھارت لیرکس)

وجے کون ہیں؟ فلمی سپر سٹار سے سیاست کے میدان تک
جوزف وجے چندر شیکھر کی سیاسی کہانی اچانک شروع نہیں ہوئی۔ انہوں نے 2009 میں اپنے مداحوں کے نیٹ ورک کو منظم کر کے ’وجے مکّل ایّکم‘ کی بنیاد رکھی، جو ابتدا میں فلاحی سرگرمیوں تک محدود تھا لیکن آہستہ آہستہ ایک مضبوط عوامی ڈھانچے میں تبدیل ہو گیا۔
سنہ2011  میں اس نیٹ ورک نے پہلی بار کھل کر سیاسی حمایت کا اظہار کیا جس سے وجے کے سیاسی سفر کی بنیاد پڑی۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی تقاریر اور عوامی بیانات میں سیاسی رنگ نمایاں ہوتا گیا۔ نوجوانوں کے مسائل، بے روزگاری، تعلیم اور بدعنوانی جیسے موضوعات پر بات کر کے انہوں نے ایک نئی نسل کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
فروری 2024 میں وجے نے باضابطہ طور پر تملگا ویٹری کژگم کے قیام کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ وہ 2026 کے انتخابات میں کسی اتحاد کے بغیر میدان میں اتریں گے۔ اسی کے ساتھ انہوں نے فلمی دنیا کو خیرباد کہہ دیا تاکہ مکمل طور پر سیاست پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
یہ قدم غیر معمولی تھا کیونکہ ماضی میں کئی اداکار سیاست میں آئے لیکن مکمل طور پر فلمی کیریئر چھوڑنے کا فیصلہ کم ہی دیکھنے میں آیا۔
اگر وجے اس انتخاب میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو وہ تقریباً پانچ دہائیوں بعد پہلے ایسے اداکار ہوں گے جو تمل ناڈو کے وزیراعلیٰ بن سکتے ہیں، آخری بار یہ کارنامہ ایم جی رامچندرن نے 1977 میں انجام دیا تھا۔
فی الحال تمام نظریں ووٹوں کی مکمل گنتی پر مرکوز ہیں۔ آیا وجے واقعی تاریخ رقم کریں گے یا نہیں یہ آنے والے دن فیصلہ کریں گے۔

شیئر: