حج پروازیں جاری، پاکستان سے 36 ہزار سے زائد عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
وزارت مذہبی امور کے مطابق 4 مئی سے جدہ کے لیے براہ راست حج پروازوں کا آغاز ہو رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سے عازمین حج کو لے کر سعودی عرب جانے کے لیے حج پروازیں جاری ہیں اور اب تک 126 پروازوں کے ذریعے 32 ہزار 454 عازمین حج (سرکاری سکیم) سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
اس کے علاوہ چار ہزار 489 عازمین حج پرائیوٹ سکیم کے تحت سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق 4 مئی سے جدہ کے لیے براہ راست حج پروازوں کا آغاز ہو رہا ہے۔
بیان کے مطابق آج پاکستان کے مختلف شہروں سے 17 حج پروازوں کے ذریعے 4 ہزار 377 عازمین روانہ ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان حج مشن کے مین کنٹرول آفس کے تحت مختلف خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
شعبہ گمشدگی و بازیابی نے 6 عازمین حج، 37 ویل چیئرز اور 37 سو بیگز تلاش کر کے منزل تک پہنچائے ۔
حرم گائیڈز نے 13 ہزار سے زائد عازمین حج کی درست راستے کی طرف رہنمائی کی۔
وزارت کے مطابق حج میڈیکل مشن کے تحت عازمین حج کو طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
132 ڈینٹل پروسیجر، 28 ایکسرے، 18 لیب ٹیسٹ، 8 الٹراساؤنڈ، 5 ای سی جی اور 5 ہزار او پی ڈی خدمات فراہم کی گئیں۔
