حج سیزن میں شاہراہوں کی سیفٹی کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال
مملکت،عالمی روڈ نیٹ ورک کنیکٹیویٹی انڈیکس میں سرفہرست ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کا روڈ نیٹ ورک ایک بڑی تبدیلی سے گزر رہا ہے، جس سے دنیا کے جدید ترین نیٹ ورکس میں اس کی پوزیشن مضبوط ہو رہی ہے۔
شاہراہوں کے اعلی معیار کو دیکھتے ہوئے سعودی عرب، عالمی روڈ نیٹ ورک کنیکٹیویٹی انڈیکس میں سرفہرست کے ممالک میں شامل ہے۔
ایس پی اے کے مطابق روڈز جنرل اتھارٹی، مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق 30 ملین زائرین کی گنجائش کو پورا کرنے کے لیے روڈز کی تیاری اور سیفٹی کو بڑھا رہی ہے۔
یہ ترقی جدید ترین سسٹم اور ڈیوائسز سے لیس ایک بیڑے کی مدد سے ممکن ہو رہی ہے، جسے روڈز اتھارٹی نے تعینات کیا ہے۔ اس بیڑے میں سڑک کی سطحی نقصان کی نشاندہی اور روڈ کے مختلف تجزیوں کا سسٹم موجود ہے۔
ہائی ریزیولیشن کیمروں اور لیزر سینسر سے لیس جائزہ یونٹس، سڑک کی دراڑوں کو 0.05 ملی میٹر کی درستگی سے شناخت کر سکتے ہیں۔
روڈ اتھارٹی کا کہنا ہے’ مشاعر مقدسہ کی جانب شاہراہوں کی تیاری کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا جس کا مقصد عازمین حج و عمرہ زائرین کو بہترین سفری تجربے فراہم کرنا اور شاہراہوں کے نظام کو مربوط بنانا ہے۔

شاہراہوں کی سکینگ، مانیٹرنگ اور کارپیٹنگ کے لیے مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز سمیت جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے، جس کی مدد سے خصوصا حج اور عمرہ سیزن میں سڑکوں کے معیار کو بہتر بنایا جاتا ہے۔
اتھارٹی نے سڑکوں کی حفاظت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جس کا مقصد اموات کی شرح کو ہر ایک لاکھ افراد میں پانچ سے کم تک لانا ہے۔

جبکہ معیارات کو معیارات کو بین الاقوامی روڈ اسیسمنٹ پروگرام کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔ اتھارٹی کے اقدامات حج سیزن 2026 کے دوران ٹریفک کی روانی کو بہتر اور عازمین حج کے لیے محفوظ اور ہموار موومنٹ کو یقینی بناتے ہیں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے’ مملکت میں شاہراہوں کے نیٹ ورک کو عالمی سطح پر ٹاپ ریکنگ میں شامل کرنے کا ہدف ہے، جو سال 2030 تک حاصل کیا جائے گا۔
