الجوف کے پہاڑ، صحرا اور میدانی علاقے فوٹوگرافر کے لیے بہترین مقامات
الجوف میں مختلف قسم کے پرندے موجود ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کا الجوف ریجن نقل مکانی کرنے والے پرندوں کا عارضی مسکن ہے جس کی وجہ سے اس علاقے نے جنگلی حیات کی فوٹو گرافی کے شوقین افراد کو اپنی جانب متوجہ کیا ہے۔
یہ ریجن پرندوں کے سالانہ ہجرت کے راستے (مائیگریٹی پاتھ ) پر واقع ہے اور مقامی انواع کی متنوع اقسام کا مسکن بھی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق معروف فوٹوگرافر نادر الشمری نے مقامی اور نقل مکانی کرکے آنے والے پرندوں کی فوٹو گرافی کا تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے 2011 سے اس فیلڈ میں کام کا آغاز کیا اور سب سے پہلے الجوف ریجن میں پرندوں کا مشاہدہ کیا۔‘
انہوں نے عسیر ریجن کے متعدد علاقوں میں بھی اسی غرض سے سفر کیا اور مملکت سے باہر بھی پرندوں کی فوٹوگرافی کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے الجوف ریجن میں 230 سے زائد مختلف اقسام کے پرندوں کا مشاہدہ کیا جبکہ مملکت میں مجموعی طور پر ریکارڈ پر آنے والے پرندوں کی اقسام 507 سے زیادہ ہے۔‘
الجوف ریجن کے قدرتی ماحول کے بارے میں الشمری کا کہنا تھا کہ ’یہ علاقہ اپنی جغرافیائی ساخت، معتدل آب و ہوا اور پرندوں کی گزر گاہ کے حوالے سے ایک سٹریٹیجک مقام ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’یہاں پہاڑ، صحرا اور میدانی علاقوں کے آبی ذخائر ہیں جو فوٹو گرافی کے لیے ایک پس منظر کا کام کرتی ہیں۔‘
