Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ روٹ انیشیٹیو: کیا توکلنا ایپ کے ذریعے عازمین اپنے ملک سے حج پرمٹ دیکھ سکتے ہیں؟

سدایا کی جانب سے سب سے پہلے توکلنا ایپ جاری کیا گیا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
مملکت میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی نے جس تیزی سے ترقی کی ہے اس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ عوامی سطح پر سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (سدایا) کا آغاز ڈیجیٹل اقاموں کے اجرا سے ہوا تاہم کورونا کے دوران جس تیزی سے اتھارٹی نے ترقی کی وہ یقیناً باعث تحسین ہے۔
سدایا نے مملکت کے شہریوں اور یہاں رہنے والے غیرملکیوں کے لیے سمارٹ ایپلی کیشنز لانچ کیں جس میں مختلف ڈیجیٹل سہولتوں کو متعارف کرایا گیا۔
سدایا کی جانب سے سب سے پہلے توکلنا ایپ جاری کیا گیا جس کے ذریعے حکومتی اداروں کی سروسز حاصل کی جا سکتی ہیں۔ وقتِ حاضر میں توکلنا ایپ کے ذریعے 350 سرکاری اداروں کی 1300 سے زائد سروسز موجود ہیں جو صارفین کی سہولت کےلیے مہیا کی گئی ہیں۔
ڈیجیٹل سہولیات سے قبل کسی بھی کام کے لیے سرکاری ادارے میں جانا لازمی امر تھا جس میں نہ صرف کافی وقت لگتا اور قطاروں میں لگ کر انتظار کی کوفت الگ تھی۔
عازمین حج کے لیے توکلنا کی نئی سروس
توکلنا ایپ کے ذریعے جہاں سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکیوں کو سرکاری سروسز فراہم کی جاتی ہیں وہاں سالِ رواں مکہ روٹ انیشیٹیو میں سدایا نے بیرون ملک سے آنے والے عازمین کو بھی اس دائرے میں شامل کرتے ہوئے انہیں ڈیجیٹل سروس فراہم کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
توکلنا ایپ پر اب عازمین اپنا حج پرمٹ اور دیگر سرکاری دستاویزات کی جانچ بآسانی کر سکیں گے۔ عازمین اپنے ملک سے روانگی سے قبل بھی توکلنا پر اپنا اکاؤنٹ بنا کر مکمل سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ توکلنا پر عازم حج کا ڈیٹا مکہ روٹ انیشیٹیو کے ذریعے لنک ہو جاتا ہے۔

توکلنا پر حج پرمٹ کیسے دیکھیں؟
1۔ اپنے سمارٹ فون پر توکلنا ایپ انسٹال کریں
2۔  ایپ کی زبان کا انتخاب کریں اور دی گئی ہدایات کے مطابق نام و دیگر تفصیلات فیڈ کرتے ہوئے اپنا اکاونٹ بنائیں
3۔  مین پیج ’ہوم سکرین‘ پر ’ڈیش بورڈ‘ کا انتخاب کریں بعدازاں ’مائی سروسز‘ کے آپشن پر جائیں
4۔ دستاویزات (ڈاکومینٹس) کے آپشن کا انتخاب کریں
5۔  یہاں موجود سرٹیفکیٹ گروپ کا انتخاب کریں اس کے بعد حج پرمٹ (تصریح الحج) کو کلک کریں۔ اس طرح آپ کا حج پرمٹ شو ہو جائے گا

شیئر: