Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنہری ریتلے ٹیلوں و قدرتی حسن سے مالا مال دلکش مقام، ’خب سحا‘

قدرتی حسن نے علاقہ کو سیاحوں کے لیے پسندیدہ مقام بنا دیا (فوٹو، ایس پی اے)
 حدود الشمالیہ ریجن کی رفحاء کمشنری کے جنوب مغرب میں ’خب سحا‘ کا صحرائی علاقہ جو سنہری ریت کے ٹیلوں اور مختلف نباتات کے ساتھ مل کر نایاب قدرتی منظر پیش کرتا ہے۔
غیرمعمولی دلکشی کی وجہ سے یہ علاقہ فطرت سے محبت کرنے والوں اور صحرائی تفریح کے شوقین افراد کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق خب سحا کا یہ علاقہ اپنی منفرد جغرافیائی ساخت کے باعث نمایاں ہے، جہاں سرخی مائل سنہری ریتلے ٹیلے نشیبی زمینوں سے ملتے ہیں، جو موسمِ بہار کے خوشبودار پودوں سے آراستہ ہے۔
یہاں پائے جانے والے پودوں پر کھلنے والے سفید پھول اور سبز گھاس و خودروپودوں سے آراستہ دلفریب منظر وہاں سے گزرنے والوں کے لیے کشش کا باعث بنتا ہے، یہ مناظر صحرا کے قلب میں زندگی کی جھلک کو بھی نمایاں کرتے ہیں۔
حد نگاہ تک بکھری نرم و سنہری ریت کے ٹیلوں پر ہوا سے بننے والی لہریں اس مقام کی دلکشی میں مزید اضافے کا باعث بنتی ہیں۔
رفحاء ، حائل شاہراہ اس شاندار قدرتی منظر کے درمیان سے بل کھاتی ہوئی گزرتی ہے، بعض مقام پر یہ سڑک ایک سیدھی پٹی کی طرح ریتلے ٹیلوں کو جدا کرتی ہوئی دکھائی دیتی ہے اور مسافروں کو منفرد بصری تجربہ فراہم کرتی ہے۔

سنہری ریت پر ہوا سے بننے والی لہریں منفرد منظر پیش کرتی ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

یہ راستہ بلند و پست ریتلے ٹیلوں سے گزرتا ہوا مسافروں کو صحرا کا دلکش نظارہ بھی پیش کرتا ہے، جہاں صرف نیلا آسمان، گرم و سنہری ریت پرپھیلا سبزہ زار ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
خب سحا کا پرسکون ماحول، صاف ہوا اور قدرتی حسن کے باعث سیاحوں اور سیر و تفریح کے لیے آنے والوں کے لیے ایک پسندیدہ مقام بن چکا ہے۔
ہوا سے تراشی ہوئی ریتلی لہردارساختیں فوٹو گرافی اور صحرائی مہم جوئی کے شوقین افراد کے لیے بہترین ماحول فراہم کرتی ہیں، جبکہ ننھے پودوں کا ریت کے ذرات میں سے ابھرنا قدرت کے حسین کرشمے کو نمایاں کرتا ہے۔

شیئر: