ایک دہائی کا سفر: سعودی عرب میں تفریحی شعبے کی ریکارڈ ترقی، 320 ملین وزیٹرز
تفریحی شعبہ تجربات کے ایک جامع نظام میں تبدیل ہو چکا ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں تفریحی شعبے نے ایک دہائی سے بھی کم مدت میں غیرمعمولی ترقی ریکارڈ کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق 60 سے زائد تفریحی سیزن اور پروگراموں میں وزیٹرز کی تعداد 320 ملین سے تجاوز کر گئی۔
تفریحی شعبے میں ترقی منظم حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے، جس کا آغاز جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے قیام سے ہوا، جس نے اعلی معیار کے ایونٹس اور سیزن متعارف کرائے جو وزیٹرز کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔
مملکت کا تفریحی شعبہ ترقی کرتے ہوئے تجربات کے ایک جامع نظام میں تبدیل ہو چکا ہے۔
اس کی سرگرمیوں میں کنسٹرٹس، بین الاقوامی شوز ، کلچرل فیسٹیول ، فیملیمز ایکٹیویٹی، سپورٹس سرگرمیاں اور عوامی دلچسپی کے مختلف تفریحی پروگرام شامل شامل ہیں۔
ان متنوع ایونٹس اور پروگراموں کے انعقاد سے تفریح روز مرہ کی زندگی کا لازمی حصہ بن گئی ہے۔

تفریحی شعبے کی کامیابی محض ایونٹس کے انعقاد پر منحصر نہیں ہوتی بلکہ اس میں عوامی شرکت اور مستقل بنیادوں پر وزیٹرز کو متوجہ کرنے کی صلاحیت سے مقبولیت کا تعین کیا جاتا ہے۔
مملکت کے مختلف ریجنز میں ہونے والے تفریحی پروگراموں میں آنے والے شرکا کی تعداد کو دیکھتے ہوئے یہ بات کہی جاسکتی ہے کہ تفریحی شعبہ مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔

یاد رہے سعودی عرب میں 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران مقامی سیاحت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مقامی سیاحوں کی تعداد 28.9 ملین ریکارڈ کی گئی جو سال گزشتہ 2025 میں اسی مدت کے مقابلے میں 16 فیصد زیادہ ہے۔ اسی عرصے میں مقامی سیاحت پر مجموعی اخراجات 34.7 ارب ریال تک پہنچ گئے، جو 8 فیصد زیادہ ہیں۔
