مسجد قبا کے بیرونی صحنوں میں خود کار شٹل سروس کا آغاز
ابتدائی طور پر 700 میٹر کا سمارٹ ٹریک مخصوص کیا گیا ہے۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
مدینہ منورہ کی مسجد قبا کے بیرونی صحنوں میں خودکار شٹل سروس (روبو بس) کے پائلٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے، جو سمارٹ ٹرانسپورٹیشن کے مستقبل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی اور مدینہ منورہ ترقیاتی اتھارٹی کے اشتراک سے روبوبس پروگرام پرعمل کیا جارہا ہے۔ اس کا مقصد مسجد قبا کے زائرین کو موومنٹ میں سہولت فراہم کرنا ہے۔

اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی نے بتایا ’روبوبس کے پائلٹ پروگرام کا مقصد خود کار شٹل سروس کے تمام پہلووں کا جائزہ لینا ہے۔ ابتدائی طور پر اس کے لیے 700 میٹر کا سمارٹ ٹریک مخصوص کیا گیا ہے۔
روبوبس کے ذریعے مسجد قبا آنے والے زائرین کو بیرونی صحنوں سے مسجد کے مرکزی دروازے تک ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کی جائے گی۔

پائلٹ پروگرام 60 روز جاری رہے گا، اس دوران شٹل سروس کی کارکردگی کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد باقاعدہ طور پر آغاز کیا جائے گا۔
