مسجد قبا میں ایک سال کے دوران 26 ملین سے زیادہ زائرین کی آمد
صحنوں میںتین ہزار مربع میٹر رقبے پر قالینوں کا انتظام کیا گیا (فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ کی مسجد قبا میں گزشتہ برس کے دوران اندرون و بیرون مملکت سے آنے والے زائرین کی تعداد 26 ملین سے تجاوز کر گئی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مدینہ ترقیاتی اتھارٹی نے جہاں شہر پُرنور میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے وہاں مسجد قبا کی توسیع کے حوالے سے بھی جامع منصوبے پر کام کیا گیا۔
منصوبے کے تحت 2500 مربع میٹر بیرونی صحنوں کی تزئین و آرائش کے علاوہ ایئر کنڈیشننگ سسٹم اور بیرونی صحنوں میں نمازیوں کی سہولت کے لیے 150 چھتریاں نصب کی گئیں۔
مسجد کے صوتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل 160 لاؤڈ سپیکرز لگائے گئے۔
علاوہ ازیں صحنوں میں تین ہزار مربع میٹررقبے پر قالینوں کا انتظام کیا گیا۔
مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے تحت زائرین کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ وہ شہرِ مقدس میں سکون سے قیام کریں۔

یاد رہے مسجد قبا اور اس کے صحنوں میں توسیع کی جا رہی ہے۔ مسجد کی گنجائش کو 66 ہزار نمازیوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔
منصوبے کا مقصد مسجد قبا کی مذہبی اہمیت کو اجاگر کرنا اور طرز تعمیر کے ساتھ اس کے قریب واقع یادگاروں کو محفوظ کرنا ہے۔
